کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان کا دورہ لوئر چترال، سیاسی راہنماؤں سے خصوصی ملاقات، چترال کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

چترال میں سیاحت کے مواقع سے فائدہ اٹھا کر اس علاقے کو پسماندگی سے نکالا جا سکتا ہے

اشتہارات

چترال(چ،پ)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے گذشتہ روز چترال کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں انتظامی افسران اور سرکاری اداروں کے سربراہان کے علاوہ چترال کے سیاسی قائدین کے ساتھ میٹنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی سی آفس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی خان اور ڈی پی او چترال لوئر صلاح الدین کنڈی نے کمشنر ملاکنڈ شاہد اللہ خان کا استقبال کیا اور چترال لیویز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔کمشنر ملاکنڈ نے ڈپٹی کمشنر آفس میں دیودار کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔
کمشنر ملاکنڈ نے علاقہ معززین، سیاسی و سماجی رہنماوں سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سابق ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ، مسلم لیگ ن کے صفت زرین، جے یو آئی کے مولانا عبدالرحمن و دیگر شامل تھے۔ سیاسی راہنماؤں نے چترال کے مختلف مسائل سے کمشنر کو آگاہ کیا، بالخصوص گندم سبسڈی کی بحالی کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کئے۔
کمشنر ملاکنڈ کا عمائدین کو یقین دلایا کہ چترال کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ چترال قدرتی حسن سے مالا مال وادی ہے اوراس کی خوبصورتی کیوجہ سے یہاں کے عوام سیاحت کی فروغ میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں جس سے علاقے اور ملک کو فائدہ پہنچے گا۔
ڈپٹی کمشنرآفس میں کمشنر ملاکنڈ نے سرکاری افسران کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈی سی لوئر چترال محمد علی خان نے جاری ترقیاتی سکیموں و انتظامی امور اور درپیش مسائل کے بارے میں کمشنر صاحب کو تفصیلی بریفنگ دی۔