پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور کینڈی لینڈ کی طرف سے انڈر 16ٹرائلز دروش میں منعقد ہوئے

ضلع کے مختلف علاقوں سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، ٹرائلز کینڈی لینڈ کے ڈائریکٹر سپورٹس بسالت مرزا کی سربراہی میں ہوئے

اشتہارات

چترال(چ،پ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور اسمعیل انڈسٹریز کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت قومی انڈر 16 ٹیم کیلئے پلیئرز کی سلیکشن کیلئے ٹرائلز کرنل مراد اسٹیڈئم دروش میں منعقد ہوئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور اسمٰعیل انڈسٹریز لمیٹڈ نے قومی سطح انڈر 16کھلاڑیوں کے سلیکشن کیلئے مختلف علاقوں میں ٹرائلز کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، اس حوالے سے ضلع چترال کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز کرنل مراد اسٹیڈئم دروش میں منعقد ہوئے جس میں آئیڈیل کلب اور ڈی ایف اے چترال نے انتظامی معاونت فراہم کی۔ کھلاڑیوں کے ٹرائلز پاکستان فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان طارق بلوچ کی سربراہی میں خورشید انور اور جاوید احمد پر مشتمل ایک ٹیم نے لئے۔ اس موقع کے کینڈی لینڈ کے ڈائریکٹر سپورٹس بسالت مرزا، سپورٹس کوآرڈنیشن کمیٹی کے سربراہ شہزادہ ہشام الملک،ڈی ایف اے چترال کے جنرل سیکرٹری کمال عبدالجمیل اور وی سی چیرمین عبدالقادر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کینڈی لینڈ کے ڈائریکٹر بسالت مرزا نے کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے، ہم نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ ملکر جو پروگرام شروع کیا ہے اس کے تحت ہم دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کا دورہ کرکے خود بچوں کے پاس پہنچ جاتے ہیں کیونکہ ان پسماندہ علاقوں سے بچے بڑے شہروں میں نہیں آسکتے، مگر ہم ٹیلنٹ کے پیچھے ان علاقوں میں پہنچ رہے ہیں، اس کے بڑے دوررس نتائج آئینگے۔سپورٹس کمیٹی کے سرپرست شہزادہ ہشام الملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار قومی انڈر 16ٹیم کے ٹرائلز چترال میں منعقد ہورہے ہیں جس کے لئے ہم پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور کینڈی لینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ چترال میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانے کے لئے مختلف اداروں کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ مستقبل میں بھی کھیلوں کے حوالے سے اس نوعیت کے مواقع پیدا کریں تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو اور ان میں مزید جذبہ پیدا ہو جائے۔
قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ طارق بلوچ نے کہا کہ مجھے چترال کے بچوں میں ٹیلنٹ کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور ہمیں امید ہو چلی ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مختلف علاقوں میں ٹرائلز لئے ہیں اور آج ان ٹرائلز کا آخری سلسلہ چترال میں اختتام پذیر ہورہا ہے، کینڈی لینڈ کی کوشش ہے کہ انڈر16کے لئے بہترین صلاحیتوں کے حامل بچوں کا انتخاب کریں اور اسی سلسلے میں ہم ٹیلنٹ آئیڈنٹفکیشن کے لئے اس پروگرام کا آغاز کیا ہے۔