چیو پل کے مقام پر گھوڑا بدکنے سے نوجوان گھڑسوار اویس ایوبی دریائے چترال میں گر کر لاپتہ

اویس ایوبی گھوڑے پر سوار چترال سے اپنے گاوں مروئے جارہے تھے

اشتہارات

چترال(چ،پ)چترال شہر میں چیو پل کے مقام پر ایک دلخراش واقعے میں ایک جوانسال گھڑ سوار دریائے چترال میں گر کر لاپتہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی سہ پہر چیو پل کے کڑوپ رشت سائیڈ پر گھوڑے کے بدک جانے اور پل کے قریب ایستادہ بورڈ سے ٹکرانے کے بعد جھٹکا لگنے کی وجہ سے گھوڑ ے پر سوار نوجوان سیدھا دریا میں گرکر لاپتہ ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کڑوپ رشت بازار سے آتے ہوئے چیو پل کے قریب پہنچ کر گھوڑا اچانک تیز بھاگنے لگا اور پل میں داخل ہونے سے پہلے پھسل کر کنارے پر نصب بورڈ سے ٹکراگیا جسکی وجہ سے گھڑ سوار نوجوان سیدھا دریائے چترال میں گر گیا۔
پولیس اسٹیشن چترال کے ایس ایچ او بلبل حسن کے مطابق حادثے کاشکار ہونے والا 20سالہ نوجوان اویس چترال پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل پولو ٹیم کے پلیئر شیر اکبر کے فرزند تھے۔متوفی چترال یونیورسٹی کے طالبعلم تھے، وقوعہ کے وقت وہ چترال شہر سے گھوڑ ے کو لے کر اپنے گاؤں مروئے پائین جارہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق سواری کے گرنے کے گھوڑا گرم چشمہ روڈ پر سیدھا بھاگ نکلا جسے بعد میں بلچ پائین میں پکڑا گیا۔ چترال پولیس نے واقعے کی انکوائری شروع کردی ہے۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد علی خان نے حادثے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔