عشریت کے مقام پر ٹریفک حادثہ، زرین باغ ارندو سے تعلق رکھنے والے 8افراد جان بحق، 13زخمی ہو گئے

مرنے والوں میں بچے اور خواتین شامل ہیں، زخمیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے ہسپتال پہنچایا

اشتہارات

دروش(چ،پ)دیر سے چترال ارندو آنے والی گاڑی عشریت میں کوچھان گول کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 8افراد جان بحق اور 13افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ڈبل کیبن گاڑی جسے ڈرائیور محمد یاسین ولد روزی خان سکنہ زرین باغ چلا رہا تھا، دیرسے چترال کے علاقے ارندو آرہی تھی، جب یہ گاڑی کوچھانگول (عشریت) کے مقام پر پہنچی تو اسے حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے خواتین اور بچوں سمیت8افراد جان بحق اور 13افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122کے ذرائع کے مطابق گاڑی اپر دیر کے ایک گاؤں سے دمیل نسارآرہی تھی جن میں دمیڑ کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 25افراد سوار تھے جن میں بچے بھی شامل تھے۔ چترال پولیس نے موقع پر جان بحق افراد کی شناخت رحمت زرین (عمر 61سال)، حلیمہ بی بی دختر محمدزرین (عمر 25سال)، منتظرہ بی بی دختر باچا خان (عمر 13سال)، عبداللہ ولد یحییٰ خان (عمر 8سال) اور حکیم اللہ ولد دائم خان (عمر 6سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ درین اثناء تین افراد دائم خان ولد گل زرین، گل بی بی دختر دائم خان اور رخسانہ دختر ضیاء الدین ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں دم توڑ گئے جس سے جان بحق ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہوگئی۔ ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسرار الدین نے بتایاکہ دروش ہسپتال سے 9زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ریفر کیا گیا تھا جن میں سے 3زخمی زخموں کی تاب نہ لاکر جان بحق ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ باقی زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے اوریہ مزید علاج کے لئے پشاور ریفر کئے جانے کے قابل بھی نہیں ہیں۔