قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

تربیتی پروگرام کا انعقاد غیر سرکاری ادارے "آکاہ" نے کالاش ویلی میں کیا تھا

اشتہارات

چترال(محکم الدین)قدرتی آفات کے موقع پر حالات کا مقابلہ کرنے اور متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کرنے سے متعلق پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کالاش ویلی رمبور میں اختتام پذیر ہوا۔ تربیتی پروگرام میں کالاش کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تیس مردوخواتین رضاکاروں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں آکاہ کے ریجنل پروگرام منیجر نذیر احمد، منیجر ایمرجنسی منیجمنٹ ولی محمد نے شرکت کی جبکہ مقامی سطح پر چیئرمین ویلج کونسل سلطان خان، کونسلر شیخ عنایت اللہ، ایس ایچ او رمبور، سابق معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کے والد بشگالی خان اور مقامی معروف سوشل ایکٹیوسٹ کالاش خاتون زر مس گل موجود تھیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر پی ایم ”آکاہ“ نذیر احمد اور منیجر ایمرجنسی منیجمنٹ ولی محمد نے کہاکہ آنے والے موسون بارشوں کے ممکنہ خطرات و نقصانات سے بچنے کیلئے اس قسم کی تربیت کمیونٹی رضاکاروں کو فراہم کرنیکی اشد ضرورت ہے تاکہ خدا نخواستہ کسی آفت کے آنے کی صورت میں کمیونٹی کے یہ رضاکار گاؤں کی سطح پر تیز ترین امداد متاثرہ افراد تک پہنچا سکیں جن میں متعلقہ اداروں تک انفارمیشن پہنچانے کے ساتھ ساتھ،فرسٹ ایڈ اور سرچ اینڈ ریسکیو کیلئے اقدامات خصوصی طور پر قابل ذکر ہیں۔ پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر قدرتی آفات کے موقع پر وقوع پذیر ہونے والے حالات اور اس سے نمٹنے کے طریقہ کارکاعملی مظاہرہ کیا گیاجس میں تمام رضاکاروں نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مہمان خصوصی اور تمام حاضرین سے زبردست داد وصول کی۔ تربیتی پروگرم میں حصہ لینے والے رضاکاروں کو سرٹفیکیٹ دیے گئے۔