شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے دروش میں ریلی کا انعقاد، افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

پاکستان کے عوام سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر اپنی افواج کے ساتھ ہیں، نفرت انگیز واقعات کی شدید مذمت

اشتہارات

دروش(چ،پ) حکومت پاکستان کی طرف سے 25مئی یوم تکریم شہداء کے طور پر منانے کے اعلان کی مناسبت سے دروش میں آل ویلج کونسلز فورم کے زیر اہتمام ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق آل ویلج کونسل فورم دروش کی کال پر ”یوم تکریم شہداء“ کے موقع پر مسلح افواج، پولیس، سیکورٹی اداروں کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ویلج کونسل چیئرمین اور کونسلرز کے علاوہ سیاسی و سماجی قائدین نے شرکت کیں۔ ریلی کے شرکاء نے قومی پر چم،بینرز اور شہداء کی تصاویر اٹھا ئے ہوئے تھے۔ ریلی افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے دروش چھاؤنی کے گیٹ تک گئی جہاں پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ویلج کونسل فورم کے چیئرمین عمران الملک نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، فرنٹیئر کور، پولیس، چترال لیویز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے یہ ملک اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی سازشوں سے بچا ہو ا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ سیاست کی آڑ میں شہداء کی توہین کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنی افواج کیسا تھ کھڑے ہیں۔ ریلی کے شرکاء کے پاک فوج زندہ باد، چترال سکاؤٹس، چترال پولیس، چترا ل لیویز زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء کے دروش فور کے گیٹ پر چترال سکاؤٹس کے اہلکاروں کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جبکہ دروش تھانے کے گیٹ پر ایس ڈی پی او دروش اقبال کریم اور ایس ایچ او دروش ابرار احمد کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔


ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر دروش محمد علی خان، ایس ڈی پی او دروش اقبا ل کریم اور ایس ایچ او دروش ابرار احمد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویلج کونسل بازار کے چیئرمین عبدالقادر اور ویلج کونسل آڑیاں کے چیئرمین فاروق علی شاہ نے کہا اس ریلی کا مقصد پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے مسلم لیگ کے ضلعی صدر نوید الرحمن ایڈوکیٹ، جے یو آئی کے صلاح الدین طوفان، جماعت اسلامی یوتھ کے شریف احمد اور سماجی وسیاسی کارکن قاضی اسرار نے شہداء پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی مسلح افواج اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہیں، انہوں نے 9مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
بعد ازاں ریلی کے شرکاء دروش بازار چوک میں پہنچ کر پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔