ڈی پی او لوئر چترال اکرام اللہ کا دورہ دروش،سیکورٹی امور کا جائزہ لیا

ڈی پی او نے لاوی پراجیکٹ کے آفس کا دورہ کیا، غیر ملکی سٹاف سے بھی ملے

اشتہارات

دروش(چ،پ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال لوئر اکرام اللہ نے اتوار کے روز دروش کا دورہ کیا۔ ڈی پی او نے دروش تھانے میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے تھانے کے مختلف حصوں، کوت، مال خانے اور حوالات کا معائنہ کیا اور ریکارڈ چیک کئے۔ اس موقع پر ڈی پی او نے ایس ایچ او دروش اور دیگر اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ تھانے میں آنے والے افراد کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور عوام کی ہر ممکن قانونی مدد کریں۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا سخت کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور جرائم کی بیخ کنی پولیس کی ذمہ داری ہے اور اسے ہر صورت پورا کرنا ہے۔ ڈی پی او مختلف مقامات پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں، ٹریفک پولیس اور ابابیل سکواڈ کے جوانوں سے بھی ملے اور انکی حوصلہ افزائی کی۔
ڈی پی او  نے بعد ازاں لاوی ہائیڈل پاؤر پراجیکٹ کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور سیکورٹی امور چیک کئے، پراجیکٹ میں کام کرنے والے چینی اہلکاروں سے ملے۔ اس موقع پر انہیں سیکورٹی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔
ڈی پی او اکرام اللہ نے ایس ڈی پی او دروش اقبال کریم کی عیادت کی جو گاڑی حادثے کا شکار ہوئے تھے۔ اسکے علاوہ ڈی پی او نے دروش اور بعد ازاں بکر آباد میں پولیس جوانوں کے عزیزوں کے انتقال پر انکے گھروں میں جاکر فاتحہ خوانی کی۔