عیدسے قبل ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سراسر ناانصافی ہے/اگیگا اپر چترال

عید سے قبل سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے

اشتہارات

بونی (چ،پ) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اپر چترال کے چیئرمین قاری احمد علی نے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کو نا انصافی قرارددیتے ہوئے اسکی مذمت کی ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت کے اعلامیہ کے مطابق سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی عیدالفطر سے قبل کرنا ممکن نہیں ہے۔عیدا لفطر سے قبل سرکاری ملازمین کو تنخواہ کی عدم ادائیگی کے حوالے سے خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات فیروز جمال اور مشیر خزانہ حمایت اللہ فیروز جمال نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کئے گئے اعلان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اگیگا اپر چترال کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے مرکزی ملازمین کے علاوہ تمام صوبائی ملازمین کی تنخواہیں عید سے پہلے دی جارہی ہیں مگر خیبر پختونخوا میں ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی صوبائی حکومت کی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین عید کے موقع پر تنخواہ کی ادائیگی سے اپنی اور خاندان کی ضروریات پوری کرتے ہیں، مگر صوبائی حکومت کے اعلان نے سرکاری ملازمین کے امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے اور ساتھ ہی ساتھ موجود نگران صوبائی حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین صوبائی حکومت کے اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور جلد از جلد دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں عید سے قبل جاری کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔