چترال میں سیاحت کی ترقی کے لئے مل کر کوشش کریں گے/کرنل قیصر رضا

تمام اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے قدم اٹھایا جائے گا،

اشتہارات

چترال (چ،پ)چترال میں سیاحتی کی ترقی کے سلسلے میں پاک فوج/ چترال سکاؤٹس نے کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے دروش میں ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل قیصر رضا کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ، سیاحت، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل قیصر رضا نے کہا کہ پاک فوج زندگی کے ہر شعبے میں علاقے کے عوام کی خدمت کررہی ہے اور چاہتے ہیں کہ چترال کی سیاحت کو ترقی دیکر یہاں پر مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بالائی افسران چترال میں سیاحت کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، آجکل سیاحت ایک اہم صنعت کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، چترال میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ہمیں انسے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی، سیاحت کے مواقع کی نشاندہی کرکے رکاوٹوں کو دور کرنے اور نئے مواقع سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے ایک جامع پلان مرتب کیا جانا مقصود ہے۔ اجلاس میں محکمہ سیاحت کے نمائندے زرین نے چترال میں سیاحت کی صورتحال اور محکمہ سیاحت کی طرف سے سیاحت کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے سیاحوں کو درپیش مسائل کا بھی ذکر کیا۔
شرکاء اجلاس نے چترال میں سڑکوں کی ناگفتہ بہہ حالت کو سیاحت کی ترقی میں بڑی رکاوٹ قرارد یا، لواری ٹنل اپروچ روڈ کی خراب حالت، اپرچترال روڈ، گرم چشمہ روڈ اور بمبوریت روڈ کی ناگفتہ بہہ حالت کو سیاحت کی حوصلہ شکنی کا موجب قرار دیتے اس جانب توجہ دینے پر زور دیا۔ اجلاس میں چترال میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورکس کی خراب سروس بھی زیر غور آئے۔ اجلاس میں چترال میں ٹریکنگ، سپورٹس ٹوارزم، ونٹر ٹوارزم اور ایڈونچر ٹوارزم کے فروغ کیلئے تجاویز پیش کئے گئے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل قیصر رضا نے کہا کہ یہ ابتدائی نشست تھی، جلد ہی ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
اجلاس میں ایس ڈی پی او دروش اقبال کریم، محکمہ سیاحت کے زرین خان، تحصیلدار دروش عالمگیر اور فخر عالم خان، میڈیا کی طرف سے کے اے جمیل شریک ہوئے۔