تحریک انصاف دور کے بیوروکریسی کی موجودگی میں انتخابات شفاف نہیں ہوسکتے،تبدیل کئے جائیں/جاوید اختر

اشتہارات

چترال (چ،پ) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی کونسل کے ممبر جاوید اختر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسوقت صوبائی بیوروکریسی میں پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے منظور نظر افسران کلیدی عہدوں پر تعینات ہیں جو کہ صاف شفاف الیکشن کے انعقاد کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہوگی۔ میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں جاوید اختر نے خیبر پختونخوا کے صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے یہ مطالبہ کیا کہ صوبے میں نگران حکومت قائم ہونے کے بعد سب سے ضروری قدم جو مرکزی حکومت اور صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کو اٹھانا چاہیے تھا وہ گذشتہ دس سال سے صوبے کے مختلف محکمہ جات میں بیٹھے ہوئے اعلیٰ بیوروکرسی کے ذمہ دار افسران کو تبدیل کرنا تھا، کیونکہ بیشتر محکموں کے انتظامی سیکرٹری حضرات تحریک انصاف کے حامی ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران اپنے عمل اور اقدامات کے ذریعے تحریک انصاف کے لئے ماحول مرتب کئے، ان اعلیٰ افسران کی اپنی کرسیوں کے چمٹے رہنے کی وجہ سے صوبے میں بے یقینی کا ماحول ہے، لوگوں کے کام نہیں ہو رہے ہیں، محکموں میں کام ٹھپ ہو چکے ہیں اور اس سب کے ذمہ دار یہی افسران ہیں کیونکہ یہ انتظامی سیکرٹری نگران حکومت کو چلنے نہیں دے رہے۔ جاوید اختر نے کہا کہ ان افسران کی ہمدردیاں تحریک انصاف کے ساتھ ہونے کی وجہ سے انکی ذمہ دار عہدوں پر تعیناتی کے دوران صاف شفاف انتخابات کا ہونا بھی ناممکن ہے۔ ماضی میں جتنے بھی با اصول افسران تھے ان کو او ایس ڈی لگا دیا تھا کیونکہ وہ اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اب مرکزی حکومت، نگران صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے کہ صوبے میں صاف شفاف الیکشن ہوں اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ عرصہ دس سال کے دوران تواترکے ساتھ کلیدی عہدوں پر رہنے والے ان افسران کو فارغ کرکے غیر جانبدار، اصول پسند افسران کو ذمہ دار عہدوں پر تعینات کئے جائیں۔ ایسا نہ ہونے کی صورت میں آنے والے انتخابات انعقاد سے پہلے ہی متنازعہ ہو جائیں گے۔
انہوں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی گورنر، نگران وزیر اعلی اور الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ تحریک انصاف کیساتھ ہمدردی رکھنے والے ان افسران کو تبدیل کرنے میں کیا عوامل رکاوٹ ہیں، ان افسران کے لئے نرم گوشہ رکھنے سے سیاسی کارکنوں کے درمیان شدید تشویش پھیل گئی ہے۔