دہشت گرد نیٹ ورک کے قریب پہنچ چکے ہیں، بدلہ لیں گے/آئی جی پولیس

اشتہارات

پشاور(ویب ڈیسک)انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ پشاور دھماکے کا دہشت گرد پولیس یونیفارم میں آیا، شناخت ہوچکی۔ واقعے کے ملزمان آج یا کل گرفتار ہو جائیں گے۔ آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ہمارے پاس آچکی ہے، فوٹیج کے ذریعے دہشت گرد کو پہچان لیا ہے، خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر آیا اور خیبر روڈ سے پولیس لائنزمیں داخل ہوا، حملہ آور نے پولیس یونیفارم پہن رکھا تھا۔
آئی جی خیبرپختونخوا کے مطابق خودکش حملہ آور کی موٹر سائیکل پولیس کو مل گئی ہے، موٹر سائیکل کے انجن اور چیسز نمبر کو مٹانے کی کوشش کی گئی تھی، اگلا مرحلہ شناخت کرکے دہشت گرد کے سہولت کاروں تک پہنچنا ہے، جائے وقوعہ کے ملبے سے بال بیرنگ ملے ہیں، عوام سے گزارش ہے جلدی نہ کریں،ہم سہولت کاروں کو ڈھونڈ نکالیں گے، سکیورٹی کولیپس اس لئے آیا کہ حملہ آور پولیس یونیفارم میں ملبوس تھا۔
مانتے ہیں کوتاہی ہوئی مگر افواہیں اور سازشی تھیوریاں ہماری تکالیف میں اضافہ کررہی ہیں، کوئی کہتا ہے آئی ڈی بلاسٹ، کوئی کہتا ہے ڈرون حملہ، ہر آدمی سائنسدان بنا ہوا ہے، بچوں کی لاشوں پر سیاست نہ کریں، ہمیں کام کرنے دیں، جو بات کریں گے شواہد کی بنیاد پر کریں گے۔ دہشت گرد نیٹ ورک کے قریب پہنچ چکے، ہم اپنے ایک ایک شہید کا بدلہ لیں گے۔