خیبرپختونخوا میں ترقیاتی فنڈز نئے انتخابات تک منجمد

اشتہارات

پشاور(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا میں ترقیاتی فنڈز کو نئے انتخابات تک منجمد کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے آئندہ حکومت کے قیام تک ترقیاتی منصوبوں پر کام معطل رہے گا اور کسی قسم کی ادائیگیاں نہیں ہوسکیں گی۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں سنگین مالی مسائل کا سامنا ہے تاہم اس کے باوجود سابق صوبائی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے پیسے جاری کئے تھے اور بیشتر منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی تھی تاہم نگران مدت کیلئے تمام ترقیاتی فنڈز کو منجمدکر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ سات ماہ سے خیبرپختونخوا کا ترقیاتی پلان شدید متاثر رہا ہے، پہلے سے منظور شدہ منصوبوں کیلئے نگران مدت کے دوران پیسوں کا اجرا ء بند کرنے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے معطل رہیں گے اور کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا اس کے علاوہ جو پیسے سابق صوبائی حکومت نے جاری کئے تھے یا جن منصوبوں کی تخصیص نو کی منظوری دی گئی تھی ان تمام فیصلوں پر بھی عمل در آمد نئی حکومت تک کیلئے روک دیا گیا ہے اس عرصہ میں صرف تنخواہوں اور دیگر روزمرہ اخراجات کیلئے مختص فنڈز ہی محکمہ خزانہ سے جاری ہوں گے جبکہ پی اینڈ ڈی کا سیف سسٹم بھی غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔