پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرانے پر غور شروع

اشتہارات

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرانے پر غور شروع کر دیا ہے، عام انتخابات بارے بھی نئی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کی اعلیٰ قیادت کی ملاقات ہوئی ہے جس میں عام انتخابات سے متعلق نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے انتخابات نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت کرانے پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور دیگر اتحادیوں سے ملاقات میں اس حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے انتخابات نئی مردم شماری پر کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کہہ چکے ہیں کہ مردم شماری کے نتائج 30 اپریل کو جاری ہوں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ نئی مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں میں 6 ماہ لگیں گے، جس کے تحت پنجاب اور کے پی میں الیکشن ملتوی ہونے کا امکان ہے، پنجاب اسمبلی کے 90 دن 14اپریل اور کے پی کے کے 18اپریل کو پورے ہو رہے ہیں۔
درایں اثناء وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مریم نواز کی واپسی کے بعد پنجاب اور کے پی کے میں بھرپور انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، احسن اقبال، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان اور احد چیمہ نے شرکت کی۔ سیاسی کمیٹی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال پر غور کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مریم نواز کی واپسی کے بعد بھرپور طریقے سے انتخابی مہم کا آغاز کیا جائے گا اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے جلسوں ریلیوں اور ورکرز کنونشن کے شیڈول کی تیاری کی ہدایت کی۔