سٹی میئر، تحصیل و ویلج کونسل چیئرمین کیلئے تنخواہ اور اعزازیہ مقرر کردئیے گئے

اشتہارات

چترال(چ،پ)خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کے لئے تنخواہ، سیشن الاؤنس، موبائل اخراجات اور پٹرول اخراجات مقرر کر دئیے ہیں۔ سٹی میئرو تحصیل چیئرمین کیلئے 30ہزار روپے جبکہ ویلج کونسل چیئرمین کے لئے 20ہزار روپے تنخواہ مقرر کیا گیا ہے۔محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کی طرف سے جاری کردہ خیبرپختونخوا الیکٹڈ آفیشلزرمیونیشن اینڈ الاؤنسز رول 2022 کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں تمام ادائیگیوں کا تعین کا کیا گیا ہے جس کے مطابق سٹی میئر و تحصیل چیئرمین کیلئے 30ہزار روپے ماہانہ تنخواہ،130 لیٹر پٹرول،2ہزار روپے موبائل فون اخراجات،5ہزار روپے تفریحی اخراجات اور ڈیڑھ ہزار روپے ضلع سے باہر جانے کے اخراجات ہونگے تاہم وہ مہینے میں صرف پانچ روز تک ضلع سے باہر سفر کرنے پر وصولی کر سکیں گے۔ اسی طرح پریزائیڈنگ آفیسر کیلئے ایک ہزار روپے سیشن الاؤنس اور ممبر کے لئے 500روپے سیشن الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق ویلج و نیبر ہڈ کونسل کے چیئرمین کیلئے 20ہزار روپے ماہانہ تنخواہ، ڈیڑھ ہزار روپے موبائل فون اخراجات اور دو ہزار روپے تفریحی اخراجات مقرر کئے گئے ہیں جبکہ ممبرز کے لئے 300روپے سیشن الاؤنس مقرر کردیا گیا ہے۔بلدیاتی نمائندے اگر کسی جرم میں زیر تفتیش ہوں توانہیں یہ ادائیگیاں نہیں کی جائیں گی جبکہ 40روز سے زیادہ چھٹی پر جانے والے بلدیاتی نمائندگان بھی ادائیگیوں سے محروم ہونگے۔سیکرٹری کونسل حاضری کا رجسٹر اور ریکارڈ رکھے گااور یہ ادائیگی متعلقہ بلدیاتی حکومت کے اعلامیہ کے اجراء کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی حکومت ان ادائیگیوں میں تبدیلی کرنے کی مجاز ہو گی۔