غیر سرکاری ادارے شعور ویلفیئر آرگنائزیشن کی طرف سے شیشی کوہ کے سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم کئے گئے

اشتہارات

دروش(جہانزیب)شعور ویلفیئرآرگنائزیشن اسلام آباد کے تعاؤن سے شیشی کوہ کے سیلاب متاثرین میں امدادی رقم تقسیم کئے گئے۔ اس سلسلے میں مقامی تنظیم RINBSکی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر دروش کے دفتر میں ایک سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں اسسٹنٹ کمشنر دروش توصیف اللہ نے ادارے کی طرف سے متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم کئے۔اس موقع پر چیئرمین ویلج کونسل بازار عبدالقادر، ویلج کونسل آڑیان کے چیئرمین فاروق علی شاہ اور ر چیئرمین ویلج کونسل اوسیک عمران الملک اور RINBSکے سربراہ عمران بن فاروق بھی موجود تھے۔ سیلاب سے متاثرہ رہائشی مکانات کے نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے 6گھرانوں میں 40ہزار روپے، دوکانات کے نقصان کی مد میں دو افراد میں 40ہزار روپے، زرعی زمینات اور باغات کے نقصانات کی مد میں 15گھرانوں میں 20,20 ہزار روہے تقسیم کئے گئے۔ مجموعی طور پر RINBSکے ذریعے شعور ویلفیئر آرگنائزیشن نے شیشی کوہ کے سیلاب متاثرین میں 6لاکھ 95ہزار روپے تقسیم کئے۔
متاثرین نے شعور ویلفیئر آرگنائزیشن اسلام آباد کے ذمہ داراں اور خصوصی طور زہرہ نقوی کا شکریہ ادا کیا اور RINBS ٹیم کے ممبران کا بھی شکریہ ادا کردیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر دروش توصیف اللہ نے سیلاب متاثرین کے ساتھ تعاؤن کرنے پر متعلقہ اداروں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاؤن کیا جائے گا۔