ریاستی اداروں کیخلاف مہم کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں/مولانا عمر قریشی و دیگر

اشتہارات

چترال(چ،پ)جمعیت اہلحدیث کے ضلعی امیر مولانا محمد عمر قریشی، مختار احمد سابقہ صدر جمعیت طلباء اسلام کراچی، افتخار حسین ضلعی صدر پاکستان راہ حق پارٹی نے دیگر رفقاء کے ہمراہ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جاری سیاسی افرا تفری کی وجہ سے ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھا رہے ہیں، ملک دشمن طاقتوں کا مقصد ہے کہ پاکستان کی افواج اور عوام کے درمیان نفرت پیدا کر دی جائے کیونکہ ملک دشمن عناصر اس بات سے بخوبی آ گاہ ہیں کہ پاکستان کی افواج کو وہ براہ راست شکست نہیں دے سکتے اسلئے وہ فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کے درپے ہیں مگر ملک کے عوام کے ملک دشمنوں کے ان ناپاک عزائم کو باہم اتحاد و اتفاق سے ناکام بنائینگے۔ انہوں نے چترال کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کے درمیان دوریاں پیدا کر نے کے کسی بھی سازش کا حصہ نہ بنیں اور ایسی سازشوں کو ناکام بنائیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے سیکیورٹی فورسز کے ادارے اور ہماری افواج دن رات ہمارے ملک اور عوام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ جنگ کا میدان ہو یا کوئی قدرتی آفت، ہماری افواج ہمیشہ اپنے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری مسلح افواج مضبوط ہو ں تو ہمارا ملک مضبوط ہو گا اور اگرخدانخواستہ افواج پاکستان کمزور ہوئے تو ملک دشمن عناصر کو اس کا فائدہ ہو گا۔مولانا عمر قریشی اور دیگر نے کہا کہ چترال کے علماء کرام، عمائدین اور عوام ہمیشہ اپنے اداروں بالخصوص اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے، اور کسی گروہ کو اپنی افواج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی یا انتشار پھیلا نے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات سیاسی طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے، سیاسی معاملات کی آڑ لیکر افواج پاکستان کی کردار کشی قابل قبول نہیں اور اسکی مذمت کی جائے گی۔