آغا خان ایجوکیشن سروس کے زیر اہتمام نمایان کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد

اشتہارات

چترال(شہریار بیگ)آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان کے زیر اہتمام سال2021-22میں آغاخان یونیورسٹی ایگزامنیشن بورڈ میں قومی،صوبائی اور ضلعی سطح پر نمایان پوزیشن حاصل کرنے والی طلبہ وطالبات کو ایوارڈ دینے کی پر وقار تقریب Merit Citation کے نام سے آغا خان ہائی سکینڈری سکول کوراغ اپر چترال میں منعقد ہوئی جس میں سٹوڈنٹس کے علاوہ ان کے والدین،اساتذہ اور عمائدین نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈائیریکٹر جنرل نیکٹا سید فدا حسن تھے جبکہ صدارت اسماعیلی ریجینل کونسل چترال کے صدر ڈاکٹر ریاض حسین نے کی۔AKESپاکستان گلگت بلتستان،چترال کے جنرل منیجر بریگیڈئیر (R) خوش محمد خان نے تقریب میں مدعو مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ادارے کی علمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک صدی قبل AKES پاکستان نے گواردر بلوچستان میں سکول کی بناد رکھی تھی جس کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے AKESپاکستان کی خدمات و خصوصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم قابل مگر ضرورت مند طلبہ کی مالی اعانت بھی کرتے ہیں۔ مہمان خصوصی سید فدا حسن نے خطاب میں تمام پوزیشن ہولڈر طلبہ اور ان کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی سکول کے اساتذہ کی بہتریں کاوشوں،طلبہ کی انتھک محنت اور ان کے والدین کے دعاوں کا نتیجہ ہے۔موجودہ دور کوالٹی ایجوکیشن،سائنس و ٹیکنالوجی کا دور ہے۔آج کے ان ہونہار بچوں کو کل ملک کی اہم ذمہ داریان نبھانی ہیں۔ انہوں نے سابق سکول اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محدود وسائل میں علاقے میں علم کی روشنی پھیلائی۔فدا حسن نے طلبہ پر شارٹ کٹ کے بجائے انتھک محنت پر زور دیا۔
معروف اسکالر محمد رحیم نے کہا کہ پیغمبر اسلامﷺ کی حیات طیبہ بحثیت معلم ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔آپﷺ نے علمی معاشرے کی ایسی بنیاد رکھی جو رہتی دنیا تک انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔تقریب کے صدر اسماعیلی ریجینل کونسل چترال کے صدر ڈاکٹر ریاض حسین نے تمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور ان کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے آغاخان ایجوکیشن سروس پاکستان کوجامعہ الازہر کی علمی روایت کا تسلسل قرار دیا۔
اس موقع پر نمایان پوزیشن حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس میں شیلڈ اور انغامات تقسیم کی گئیں۔