واپڈا کی غفلت سے جان بحق نوجوانوں کے خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے/عمائدین ایون و بمبوریت

اشتہارات

چترال (بشیر حسین آزاد) ویلج کونسل ایون ون ویلج کونسل ایون ٹو،وی سی رمبور بمبوریت اور بریر کے عمائدین نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا وزیراعلی خیبر پختوخوا اور چیف انجینئر واپڈا سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا کی غفلت کے نتیجے میں جان بحق ہونے والے بمبوریت کے دو نوجوانوں کے خاندانوں کو معاوضہ ادا کیا جائے یا ان خاندانوں کی کفالت کا انتظام کیا جائے۔پیر کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل عبدالمجید قریشی، چیئرمین ویلج کونسل ایون ون وجیہ الدین،چیئرمین ویلج کونسل ایون ٹو محمدرحمن، چیئرمین بمبوریت خلیل الرحمن و عمائدین عنایت اللہ اسیر، سیدالدین نے کہا کہ 20 ستمبر کی رات چتر پل کے قریب واپڈا کے مین ٹرانسمیشن لائن کی لٹکتی تاروں سے ٹکرا کر عبدالرحیم اورعبدالباسط کی موت واقع ہوئی۔ جس کا موقع پر موجود لوگ شاہدہیں۔یہ واقعہ محکمہ واپڈاکی کھلی غفلت کے نتیجے میں پیش آیا ہے جس کے خلاف ہم قانونی راستہ اختیارکرنے پر مجبورہوچکے ہیں لیکن مقامی پولیس واپڈاکے خلاف ایف آئی آردرج کرنے کیلئے قانونی رائے لینے کی آڑ میں لیت و لعل سے کام لے رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ دونوں خاندان قابل رحم ہیں اس لئے ان خاندانوں کی کفالت کیلئے واپڈا اور حکومت کی طرف سے مالی مدد انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ واپڈا کی مین ٹرنسمیشن لائن کی بلندی 25 فٹ تک ہو تی ہے لیکن جہاں یہ حادثہ واقع ہوا وہاں اس ٹرانمیشن لائن کی بلندی دس فیٹ سے بھی کم رہ گئی ہے جو کہ دو قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بنا اور دو خاندان مکمل طور پر بے سہارا بن چکے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین وپڈا، وزیراعلیٰ، چیف انجینئر واپڈا اور ڈپٹی کمشنر چترال سے مطالبہ کیا کہ حکومت اور واپڈا ان متاثرین کیلئے اقدامات کرے تاکہ انہیں سپورٹ مل سکے، بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا۔