پیر. اکتوبر 3rd, 2022


دروش(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے دیرینہ اور سرگرم کارکن سمیع اللہ ثمین تحصیل دروش کیلئے پارٹی کے صدر منتخب ہوگئے جبکہ پارٹی کے نوجوان کارکن اقرار بادشاہ رئیس جنرل سیکرٹری چن لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف تحصیل دروش کے صدر اور جنرل سیکرٹری کے انتخابات گذشتہ روز ضلعی جنرل سیکرٹری فخر اعظم اور ضلعی سنیئر نائب صدر حاجی گل نواز اور فنانس سیکرٹری نثار دستگیر کی نگرانی میں منعقد ہوئے۔ انتخابات کے نتیجے میں پارٹی کے نوجوان دیرینہ کارکن سمیع اللہ ثمین کو تحصیل دروش کے لئے پارٹی صدر اور اقرار بادشاہ رئیس کو جنرل سیکرٹر ی منتخب کیا گیا۔
سمیع اللہ ثمین نے اپنے انتخاب پر پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کے منشور کے مطابق عوامی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام کا تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد ہے، عمران خان قوم کی آواز بن چکے ہیں اور انکی قیادت میں پاکستان تاریخ کے اہم موڑ میں داخل ہونے جارہا ہے، حقیقی آزادی کی اس تحریک میں پارٹی کارکنان متحد اور متفق ہوکر جدوجہد میں حصہ لیں گے۔