لوئر چترال سے سول سوسائٹی گروپ کا دورہ اپر چترال

اشتہارات

چترال(محکم الدین)ریجنل منیجر آغا خان رورل سپورٹ پروگرام اختر علی نے کہا ہے کہ مردو خواتین ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں،جب تک دونوں میں بیلنس نہیں ہوگی گاڑی آگے نہیں چل سکتی۔ اسی لئے موجودہ دور میں ہم ترقی سے تب ہی ہمکنار ہوسکتے ہیں جب مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی اپنے اقدار اور تہذیب و ثقافت کا پاس رکھتے ہوئے ترقی کے میدان میں آگے آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے کے آر ایس پی آفس بونی میں لوئر چترال سے پانچ روزہ دورے پر اپر چترال آئے ہوئے سول سوسائٹی لیڈرز کے گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایریا منیجر اے کے آر ایس پی اپر چترال فرید احمد، سول سوسائٹی آفیسر اپر چترال عطا ء اللہ، سول سوسائٹی آفیسر لوئر چترال شگفتہ عالیہ، سول سوسائٹی پراجیکٹ آفیسریاسمین اور گروپ کے ممبران موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں کئی علاقے ایسے ہیں جو ترقی کے عمل میں اس دور میں بھی بہت پیچھے ہیں۔ ان علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور ان کیلئے آسانیان پیدا کرنے کیلئے ہم سب کو باہم مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ایریا منیجر فرید احمد نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اپر چترال کے کئی علاقوں میں سیلاب سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں جن کی ہم اسسمنٹ کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس ایمرجنسی بنیادوں پر فنڈ نہیں ہوتے تاہم اگر پراجیکٹ ایریا میں ڈیزاسٹر آئے تو اس کیلئے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ قبل ازین سول سو سائٹی آفیسر عطاء اللہ نے لوئر چترال سے گروپ کی بونی آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور اپنی بریفنگ میں بتایا کہ اے کے آر ایس پی 51 ہزار گھرانوں کو مختلف شعبوں میں فائدہ پہنچانے کیلئے 642 ملین روپے خرچ کر چکی ہے اور اب بھی مختلف ڈونرز کے فنڈز سے پراجیکٹ جاری ہیں جن میں کنیڈین گورنمنٹ کے مالی تعاون سے فاؤنڈیشن فار ہیلتھ اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ پراجیکٹ،، سنٹرل ایشین پاورٹی پروگرام، پاترپ کے مالی تعاؤن سے بروغل ویلی کی ڈویلپمنٹ کیلئے پراجیکٹ، صحتمند خاندان پراجیکٹ اور حکومت خیبر پختونخوا اور اے کے آر ایس پی کے اشتراک سے ایم ایم ایچ پیز اور بسٹ فار وی پراجیکٹ شامل ہیں۔ گروپ جمعہ کے روز بونی میں اے کے ڈی این کے مختلف اداروں کا وزٹ کرے گی۔