منشیات فروشوں کے خلاف موثر کاروائی؛ چترال پولیس کا عوامی رابطہ مہم زوروشور سے جاری

اشتہارات

چترال(چ،پ) ڈی پی او چترال لوئر سونیہ شمروز خان کی ہدایت پر چترال پولیس نے منشیات کے خلاف موثر کاروائی کرنے کی غرض سے عوامی تعاؤن حاصل کرنے کے لئے بھرپور مہم کا آغاز کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چترال لوئر پولیس نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف موثر اور بھرپور کاروائی کرنے کی غرض سے منظم مہم شروع کر رکھا ہے جسکے تحت ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ایس ایچ اوز مختلف گاؤں گاؤں جاکر عوامی رابطے کر رہے ہیں، کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں مقامی معتبرات اور نوجوانوں کو مدعو کرکے انہیں منشیات کے خلا ف بھرپور اور موثر مہم کی کامیابی اور اس لعنت سے چترال کو پاک کرنے کے لئے پولیس کے ساتھ تعاؤن کی درخواست کی جارہی ہے۔ پولیس افسران مساجد میں جاکر بھی مقامی افراد سے منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا ساتھ دینے کی اپیل کررہے ہیں۔ عوامی حلقوں میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سونیہ شمروز خان کی طرف سے شروع کردہ اس مہم کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے تاہم عوام کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوکہ اس بار پولیس نے منشیات کے خلاف موثر کاروائی کا آغاز کیا ہے تاہم یہ کاروائی عارضی نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے ایک مستقل شکل دیکر اسے جاری رکھنا چاہیے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں جاکر عوام کے ساتھ مل بیٹھنے اورمنشیات کے خلاف سماجی کاروائی کرنے سے منشیات فروشوں میں خوف پیدا ہو گیا ہے۔
دوسری طرف چترال پولیس نے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا سخت کرتے ہوئے آئے روز بد نام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر نے میں مصروف ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ منشیات فروش پکڑتے تو جاتے ہیں مگر انہیں سزا دینے کا عمل سست روی کا شکار ہے، اس لئے ضروری ہے کہ ایک طرف منشیات کے خلاف جو مہم شروع کیا گیا ہے اسے مزید منظم کیا جائے اور دوسری طرف پولیس کے انوسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کو بھی پابند بنایا جائے کہ وہ موثر تفتیش کے ذریعے منشیات فروشوں کو کیفرکردارتک پہنچائے۔