صابر احمد ایک مرتبہ پھر تریچ میر ڈرائیور یونین کے صدر منتخب ہو گئے، مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں آیا

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)تریچ میر ڈرائیورز یونین لوئر چترال کے لئے معروف ٹرانسپورٹر صابر احمد کوبلا مقابلہ صدر منتخب کیا گیا جوکہ دستور کے مطابق کابینہ کے دیگر عہدیداروں کا چناؤ کا اختیار انہیں حاصل ہے۔ جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈرائیورز یونین کے عبوری صدر اعجاز الدین نے کہاکہ 16جون کو سابق صدر اخلاق حسین کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور ہونے کے بعد عبور ی کابینہ کو انتخابات منعقد کی ذمہ داری دی گئی تھی جس نے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا اور کا غذات نامزدگی کے آخری دن بھی صابر احمد کے سوا کسی نے صدارت کے لئے فار م جمع نہیں کیا جس کے نتیجے میں صابر احمد کو بلا مقابلہ صدر منتخب قرار دیا گیا۔ ان کا کہنا تھاکہ صابر احمد پہلے بھی کئی مرتبہ صدر رہ چکے ہیں اور ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈرائیوربرادری نے انہیں بلامقابلہ منتخب کرنے کا فیصلہ کیا۔پریس کانفرنس میں ضلع بھر سے مختلف علاقوں اور وادیوں سے تعلق رکھنے والے ڈرائیوروں کے نمائندے موجود تھے جن میں چیرمین بشیر احمد، تحصیل صدر رفیق الدین، سینئر نائب صدر دروش محمد مصطفی، جنرل سیکرٹری فضل ناصر،بمبوریت سے بزرگ خان، ایون سے محبوب الٰہی، بروز سے وزیر خان، شوغور اور لوٹ کوہ سے سردار شامل تھے۔
بعدازاں عبوری صدر نے نومنتخب صدر صابر احمد سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پراپنے خطاب میں نومنتخب صدر صابر احمد نے ڈرائیورز برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ کسی بھی طور پر ان کے توقعات پر پورا اترنے اور ان کی خدمت بجا لانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابق کابینہ نے ڈرائیور برادری کو ناقص کارکردگی کی وجہ سے مایوس کردیا کیونکہ ان کا تعلق ہی ٹرانسپورٹ کے شعبے سے نہیں تھا کیونکہ سابق صدر پنکچر کا دکان اور سابق سرپرست بھی ترکھان کا دکان چلارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں غیر قانونی اڈوں اور سرکاری ملازمت پیشہ افراد کو اڈا چلانے پر پابندی لگائی جائے۔ پریس کانفرنس کے بعد ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے نومنتخب صدر کوجلوس کی شکل میں یونین دفتر لے گئے۔