حکومت کی طرف سے تیل کی قیمتوں میں ممکنہ کمی، ضلعی انتظامیہ عوام کو فائدہ پہنچانا یقینی بنائے

اشتہارات

چترال(چ،پ) بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں وفاقی حکومت نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری فوری طور تیار کرکے وزیر اعظم کو پیش کریں جوکہ ایک خوش آئند بات ہے۔ اگر تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے تو پھر اس بات کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے کہ پٹرول پمپ مالکان اپنی من مانی نہ کریں بلکہ حکومت کی طرف سے طے شدہ نرخ پر عوام کو تیل فروخت کریں۔ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے باوجود پٹرول پمپ مالکا ن نے اپنے پاس پرانا اسٹاک ہونے کا بہانا بناتے ہوئے عوام کو سستا تیل فراہم نہیں کئے حالانکہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو یہی پٹرول پمپ مالکان بلا کسی تاخیر کے تیل کی نرخ بڑھاتے ہیں۔ اس حوالے سے ضلع چترال لوئر اور اپر کے دواضلاع کے ضلعی انتظامیہ کو ابھی سے تیاری کرنی چاہیے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ہی پٹرول پمپ والے نئے نرخ پر تیل کی فراہمی کریں اور بلا ضرورت عوام کو تنگ نہ کریں۔