دریائے یارخون میں طغیانی سے مستوج پل کو نقصان، ٹریفک عارضی طور پر بند

اشتہارات

مستوج(چ،پ)دریائے یارخون میں شدید طغیانی کی وجہ سے مستوج کے مقام پر چترال گلگت روڈ پرقائم آر سی سی پل کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے جس سے پل کا ایک حصہ ڈھا جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ پیر کے روز ڈپٹی کمشنر اپر چترال منظور آفریدی نے تحصیل چیئرمین سردار حکیم کے ہمراہ متاثرہ پل کا معائنہ کیا۔ پل کی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منظور آفریدی نے بتایا کہ پل کی حالت کے حوالے سے این ایچ اے حکام کو آگاہ کیا گیا ہے اور اسے مزید نقصان سے بچانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائینگے۔
یاد رہے کہ دریائے یارخون میں آنے والے طغیانی کی وجہ سے پچھلے دو تین دنوں سے مستوج پل کے ساتھ ایک حصے کے کٹاؤ کا عمل شروع ہوچکا تھا جسکی بابت مختلف لوگوں نے سوشل میڈیا میں اسکو ہائی لائٹ کیا تھا تاہم دریا ئے یارخون نے بڑی تیزی کے ساتھ پل کو مزید نقصان پہنچایا ہے اور مزید نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ ادارے کی طرف سے مزید تاخیر سے پل ڈھا جانے کا قوی امکان ہے۔