جشن شندور کا آغاز، پہلے روز تین میچز کھیلے گئے، دو میچوں چترال کی ٹیموں کی برتری، وزیر اعلیٰ محمود خان افتتاح کیلئے نہیں آئے

اشتہارات

چترال(محکم الدین)عالمی سطح پر مشہور اور دنیا کی بلند ترین پولو گراونڈ شندور میں دو سال کے وقفے کے بعد تین روزہ شندور پولو میلہ آج یکم جولائی سے شروع ہوا، یہ میلہ تین دن جاری رہے گا۔ یہ فیسٹول گذشتہ دو سال ملک اور پوری دنیا میں کویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے وباء کی وجہ سے منسوخ کی جاتا رہا۔ اب 2022 میں حالات بہتر ہونے پر پھر سے شروع کیا گیا ہے جس کا مقامی لوگ اور ملکی و غیرملکی سیاح شدت سے انتظار کر رہے تھے۔ شندور پولو فیسٹول کا افتتاح پروگرام کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد خان کے ہاتھوں ہونا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر عین موقع پر وزیر اعلی کادورہ شندور منسوخ کر دیا گیا۔ ان کی جگہے پر سیکرٹری ٹوارزم سپورٹس اینڈ کلچر یوتھ افیرز اینڈ آرکیالوجی محمد طاہر اورکزئی نے بال پھینک کر فیسٹول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت یوسفزئی، آر پی اوملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال وغیرہ بھی موجود تھے۔ فیسٹول کا پہلا میچ لاسپور اور غذر کے مابین کھیل گیاجس میں پہلے ہاف میں لاسپور نے آٹھ گول سکور کئے جبکہ مدمقابل غذر ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ دوسرے ہاف میں غذر نے مشکل سے مزید تین گول کئے مگر لاسپور چترال نے سات گول کرکے مجموعی سکور پندرہ تک پہنچا دیا۔اسی طرح غذر ٹیم کے چار گول کے مقابلے میں لاسپور ٹیم نے پندرہ گول کرکے آسان طریقے سے فتح حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کر لیا۔


پولو میچ کا دوسرا مقابلہ گلگت ڈی اور چترال ڈی کے مابین ہوا جس کے مہمان خصوصی سابق ممبر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان غلام محمد تھے۔ یہ میچ انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں گلگت نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ان کا پلڑا کھیل ختم ہونے تک بھاری رہا۔ گلگت ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مد مقابل چترال ڈی ٹیم کو چار کے مقابلے میں چھ گولوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
شندور فیسٹول کے پہلے روز کا تیسرا میچ سب ڈویژن مستوج اور سب ڈویژن یاسین کے مابین کھیلا گیا جو کہ انتہائی سنسنی خیز میچ رہا۔ دونوں ٹیموں کی شاندار کارکردگی کے باعث سکور 6، 6 پر برابر رہا۔ جس پر دس منٹ کا اضافی وقت دیا گیا جو کہ مستوج سب ڈویژن کیلئے نیک فال ثابت ہوا اور انہوں نے ایک گول کا اضافہ کرکے 6 کے مقابلے میں 7 گولوں سے میچ اپنے نام کر لیا۔ اس میچ کے مہمان خصوصی بھی سابق ممبر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان غلام محمد ہی تھے۔
شندور پولو فیسٹول گذشتہ کئی سالوں سیکیلنڈر ایونٹ کے طور 7سے 9 جولائی کو شندورکے سیاحتی مقام اور پولو گراونڈمیں منعقد کیا جاتا ہے۔ چترال اور گلگت کا فری سٹائل پولو پوری دنیا میں مشہور ہے۔ اس لئے پوری دنیا کے سیاح ان پولو میچوں کو اور دیکھنے میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اور فیسٹو ل سے کئی روز پہلے 12300 فٹ بلند شندور پولوگراونڈ کے احاطے میں موجود خوبصورت جھیل کنارے سبزہ زاروں پر ڈیرہ ڈال کر قدرتی نظاروں اورفیسٹول کا لطف اٹھاتے ہیں۔ گذشتہ دوسالوں سے کویڈ کی وبا پھیلنے کے خدشے کے پیش نظرشندور فیسٹول سمیت کئی ایونٹس منسوخ کئے گئے تھے۔ اب حالات میں بہتری آنے کے بعد یکم جولائی سے تین روزہ پولو میلہ کا دوبارہ آغاز ہو چکا ہے جو کہ تین دن جاری رہے گا۔