ایون نالہ کے اندر حفاظتی بند کی تعمیر کے بعد جمع شدہ ملبہ کو ہٹایا جائے، بقیہ کام فوری شروع کیا جائے/عمائدین ایون

اشتہارات

چترال(محکم الدین)ایون درخناندہ و کورو کے عمائدین سیدالدین، سید احمد،تنزیل الرحمن، مشرف خان، غلام حسین، فضل الرحمن و درجنوں دیگر افراد نے آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ چترال سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ نالہ ایون میں حفاظتی بند کیلئے کھدائی کرکے جو ملبہ بیچ نالہ جمع کیا گیا ہے اسے فوری طور پر ہٹایا جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمائدین علاقہ نے کہا کہ اس وقت نالہ ایون کے پانی میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے اس لئے ممکنہ طور پر سیلاب کی صورت میں ملبہ اس کی راہ میں رکاوٹ بنے گاجس کی وجہ سے علاقے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آکاہ نے ایون نالے کے قریب گھروں اور علاقے کو بچانے کیلئے ایک سو میٹر یعنی تین سو پچیس فٹ طویل حفاظتی پشتے تعمیر کرنے کی منظوری اور ڈیزائن دیا تھا، بڑی مشکل سے ایک سو فٹ حفاظتی بند تعمیر ہو چکا ہے جبکہ دو سو پچیس فٹ حفاظتے پشتے کا کام باقی ہے اور ملبہ نالہ کے درمیان پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بقیہ کام مکمل کرنا تو دور کی بات، بار بار متعلقہ ٹھیکہ دار اور ادارے کو سیلاب کی ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ انہوں نے آغاخان ایجنسی فار ہبیٹاٹ اور متعلقہ ٹھیکہ دار کو خبردار کیا ہے کہ یہ ایک ایمرجنسی مسئلہ ہے، اس پر اگر فوری طور پر توجہ نہ دی گئی توان کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ مذکورہ ملبہ نالہ ایون کے بیچ سے ہٹایا جائے اور علاقے کے لوگوں کو بچانے کیلئے بقیہ کام مکمل کرنے کے سلسلے میں فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔