دروش میں جمعیت علماء اسلام اور مسلم لیگ نواز کا پاؤرشو، انتخابی مہم کا باقاعدہ آغازکردیاگیا

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی) چترال کے تاریخی قصبے تحصیل دروش میں جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کی جانب سے تحصیل دروش کی چیئرمین کی نشست کیلئے مشترکہ نامزد امیدوار شہزادہ شوکت الملک کیلئے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا گیا۔ اس سلسلے میں دونوں جماعتوں کے اکابرین نے دروش میں آسماری خان کے رہائش گاہ پر ایک مشترکہ جلسہ بھی منعقد کیا جس کی صدارت جمعیت علماء اسلام لو ئر چترال کے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمان نے کی جبکہ معروف مذہبی شخصیت اور جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی سینئر نائب امیر قاری جمال عبد الناصر نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئے۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید بھی کرلی انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اور ہم اس ملک میں اسلامی نافذ کرکے رہیں گے۔ مقررین نے عوام پر زور دیا کہ وہ دونوں جماعتوں کا مشترکہ نامزد امیدوار شہزادہ شوکت الملک کے حق میں ووٹ استعمال کرکے انہیں ضرور کامیاب کرے کیونکہ وہ ایک نوجوان لیڈر ہے اور خدمت کا جذبہ لیکر میدان میں اترا ہے اگر نہیں موقع دیا جائے تو وہ اس علاقے کی پسماندگی دور کرنے میں ضرور کلیدی کردار ادا کرے گا۔

مقررین نے کہا کہ آزمائے ہوئے کو دوبارہ آزمانا جہالت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا ووٹ نہایت قیمتی اثاثہ ہے اور اسے سوچ سمجھ کر استعمال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت ہمارے اوپر موجودہ حکومت کی شکل میں جو عذاب آیا ہوا ہے اس سے بہت جلد نجات پائیں گے۔ انہوں نے تمام کارکنوں پر زور دیا کہ وہ شوکت الملک کو خدمت کا موقع ضرور دیں۔ جلسہ سے عبد الولی خان ایڈوکیٹ، قاضی نسیم، نوراحمد خان چارویلو، قاری جمال عبد الناصر، شوکت الملک، پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صد ر نوید الرحمان چغتائی اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔ بعد میں دونوں جماعتوں کے قائدین کی سربراہی میں تمام کارکن جلوس کی شکل میں دروش میں بازار آئے جہاں دروش چوک میں عوامی اجتماع سے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمان نے خطاب کیا اور انتخابی دفتر کا افتتاح بھی کیا۔ ہمارے نمائندے باتیں کرتے ہوئے شہزادہ شوکت الملک نے کہا کہ اگر انہیں موقع مل گیا تو دروش تحصیل کی نقشہ بد ل دیں گے، یہاں پینے کی پانی، نالیاں، راستے اور دیگر کئی مسائل ہیں ان سب کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔ ضلعی امیر عبد الرحمان نے بتایا کہ ہمیں امید ہے کہ دروش کے عوام ہمارا مشترکہ نامزد امیدوار کو ضرور کامیاب کریں گے۔ جے یو آئی کے سینئر نائب امیر قاری جمال عبد الناصر نے بتایا کہ آج کے جلسے کا مقصد ہمارا مشترکہ دفتر کھولنا تھا اور دونوں جماعتوں کی جانب سے طاقت کا مظاہرہ بھی کرنا تھا تاکہ عوام کو اندازہ ہوسکے کہ کونسے جماعت یا پارٹی کے پاس کتنے لوگ ہیں۔ نوید الرحمان چغتائی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف چترال کئی بار آئے تھے اور انہوں نے لواری سرنگ سے لیکر لاوی پن بجلی گھر کیلئے اربوں روپے کا فنڈ دیا تھا اس کے علاوہ انہوں نے چترال میں تین مقامات پر ایل پی جی گیس پلانٹ کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے زمین بھی خریدی تھی مگر موجودہ تبدیلی سرکار نے اس منصوبے کو گلگت بلتستان منتقل کیا اور چترالی عوام کے ساتھ ظلم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مکمل امید ہے کہ عوام مسلم لیگ ن کی خدمات کو نہیں بھولیں گے اور اپنا قیمتی ووٹ ضرور ان کے نامزد امیدوار کے حق میں استعمال کریں گے۔