تحصیل تورکہو موڑکہو کے چیئرمین شپ کیلئے امیدوار حسین زرین تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان کردیا

اشتہارات


چترال(محکم الدین)تورکہو سے تعلق رکھنے والے جمعیت علماء اسلام کے مقامی رہنماء اورحالیہ بلدیاتی الیکشن میں تحصیل چیئرمین شپ کے امیدوار حسین زرین نے پاکستان تحریک انصاف کے تحصیل چیئرمین شپ کے امیدوار میر جمشید الدین کے حق میں دستبردارہونے کا اعلان کردیا۔ جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں اپنے حامیوں میر ظفر، شیر محمد اورنصیر احمد کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تورکہو ایک پسماندہ علاقہ ہے جس کے بے شمارمسائل ہیں جن میں سے تورکہو روڈ اور چار آر سی سی پلوں کی تکمیل، گولین ہائیڈل پاور اسٹیشن کی طرف سیمسلسل لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ اور تورکہو ٹی ایم اے آفس کا قیام سر فہرست ہیں۔پاکستان تحریک انصاف چترال کے قائدین اور تحصیل چیئرمین شپ کے امیدوار میر جمشید الدین نے ان مسائل کے حل کی یقین دھانی کی ہے۔ اس لئے میں عوام اور علاقے کے مفاد کی خاطر میر جمشیدالدین کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے میرٹ کی بنیاد پر ٹکٹ تقسیم کیا اور جے یو آئی کی طرح میرٹ کی دھجیاں اڑانے سے اجتناب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اپر چترال کی طرف سے امیدوار کی نامزدگی کیلئے 9 نام بھیجے گئے تھے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ایک ایسے شخص کو ٹکٹ دیا گیا ہے جس کا نام فہرست میں شامل ہی نہیں تھا۔ اس لئے میں ذاتی طور پر بہت دلبرداشتہ ہو گیا ہوں اور جے یو آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں تاہم الیکشن کے بعد کسی اورپارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا۔کہ وہ اپنیتمام حامیوں اور سپورٹروں سیمل کر میر جمشیدالدین کی کامیابی کیلئے کام کریں گے۔