جنگلات کی اہمیت مسلمہ ہے، نوجوان شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں /اے ڈی سی حیات شاہ

اشتہارات


چترال(محکم الدین)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال محمدحیات شاہ نے انٹرنیشنل بوائے سکاؤٹس ڈے کے موقع پر محکمہ جنگلات کی طرف سے پودوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کویڈ 19کے دوران مریضوں کوزندہ رکھنے کیلئے دیے جانے والے آکسیجن نے پودوں کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے کیونکہ پودے قدرت کے وہ کارخانے ہیں جو بلامعاوضہ ہمیں آکسیجن مہیا کرتے ہیں لیکن ہمیں ان کی اہمیت کا علم بہت کم ہے۔ اس موقع پراے ڈی او ایجوکیشن احمدالدین، پرنسپل سنٹینیل ماڈل ہائی سکول، ڈی ایف او وائلڈ لائف چترال الطاف علی شاہ، ڈی ایف او چترال گول نیشنل پارک سید سرمد حسین شاہ، ایس ڈی ایف او فارسٹ یوسف فرہاد، ایس ڈی ایف او چترال عزیز ولی، ڈسٹرکٹ سپورٹس افیسر فاروق اعظم، سکول کے اساتذہ اور طلباء موجود تھے۔

حیات شاہ نے کہاکہ انٹر نیشنل بوائے سکاوٹس ڈے منانے کامقصد نوجوانوں کی ان خدمات کی حوصلہ افزائی کرناہے جو جذبے کے تحت بوائے سکاوٹس کے ہاتھوں انجام پا رہے ہیں،جن میں شجر کاری بھی شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ چترال کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کلین اینڈ گرین چترال کے نام سے مہم چلائی گئی تھی جس میں سکولوں کے اساتذہ اور طلباء نے اہم کردار ادا کیا تھا۔تاہم ماحول کی صفائی کا یہ عمل جاری رہنا چاہئے ۔اے ڈی سی نے کہاکہ چترال کو 2010 اور 2015 کے سیلاب میں زبردست نقصان پہنچا۔ اب بھی سیلاب کی تباہ کاریاں کم کرنے کا واحد حل چترال میں جنگلات کی افزائش اور شجر کاری ہی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیاکہ وہ پودوں سے محبت کو اپنا شعار بنائیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اپنا مستقبل محفوظ بنانے کی کوشش کریں۔ قبل ازین ا ی ڈی او احمد الدین، الطاف علی شاہ، سید سرمد علی شاہ اور یوسف فرہاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں نیچر کا تمام نظام متاثر ہوا ہے اور یہ بگاڑ انسانوں کے غیر دانشمندانہ افعال کا نتیجہ ہے جس کی سزا ہمیں بھگتنی پڑ رہی ہے۔ ہم نے پانی، مٹی اور ہوا سب کو آلودہ کیا ہوا ہے۔ ہمارے ندی نالے سب زہر پھیلا رہے ہیں۔ جس کے ہم خود ذمہ دارہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ چترال میں ماحولیاتی آلودگی کے خطرات کی گھنٹی بج چکی ہے۔ لیکن ہمیں اب بھی اس کا ادراک نہیں ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ پر زور دیاکہ ماحول کے بارے میں اقدامات کو سنجیدہ لیا جائے، مبادا ہمیں وہ دن نہ دیکھنا پڑے کہ ہمارے پاس حسرت کے سوا کچھ نہ ہو۔
پروگرام کے اختتام پر مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حیات شاہ و دیگر مہمانوں نے سکول کے لان میں پودے لگائے اور مختلف سکولوں کیلئے پودے بھی طلبائمیں تقسیم کئے گئے۔