تحریک انصاف کی طرف سے تحصیل چئیرمین چترال کیلئے شہزادہ امان الرحمن اور دروش کے لئے حاجی سلطان کے نام فائنل

اشتہارات

چترال(چ،پ) پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے ضلع لوئر چترال کے دو نوں تحصیلوں کے لئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو فائنل کردیا ہے۔ اس حوالے پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے تحصیل چترال کے چیئرمین کی نشست کیلئے پارٹی سینئر راہنماء شہزادہ امان الرحمن اور تحصیل دروش کے چیئرمین کی نشست کے لئے پارٹی کے سنیئر راہنماء حاجی سلطان محمد کے نام کو فائنل کر دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق شہزادہ امان الرحمن نے پارٹی کے ہائی کمان کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد باضابطہ طور پر الیکشن کمپین کا آغاز بھی کردیا ہے اور مختلف علاقوں کے دورے شروع کئے ہیں جبکہ بعض آزاد امیدواروں کے ساتھ ملاقات کرکے انہیں اپنے حق میں دستبردار کرانے میں بھی کامیاب ہو چکے ہیں۔

اس حوالے سے چترال پوسٹ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صوبائی سطح کے ایک ذمہ دار نے تصدیق کی کہ چترال اور دروش تحصیل کے چیئرمین کے ناموں پر اتفاق ہو گیا ہے جبکہ اپر چترال کے دونوں تحصیلوں کے ناموں کو فائنل کرنے کے بعد انکا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

چترال پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سنیئر راہنما حاجی سلطان محمد نے بھی تصدیق کی کہ پارٹی قیادت کی طرف سے تحصیل چترال کے لئے شہزادہ امان الرحمن اور تحصیل دروش کے لئے انکی نامزدگی کی جا چکی ہے۔