جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے حوالے سے خبریں حقائق کے منافی ہیں،تحریک انصاف کا حصہ ہوں/سرتاج احمد خان

اشتہارات


چترال (چ،پ)پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر راہنماء سرتاج احمد خان نے انکی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے حوالے سےسوشل میڈیا میں قیاس آرائیوں اور چترال پوسٹ میں چھپنے والی خبر کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ خبر حقائق کے منافی ہے۔ ٹیلی فون پر چترال پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج احمد خان نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات میں ایکدوسرے کے ساتھ نشست و برخواست ہوتی رہتی ہے، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی، صوبائی اور خصوصاً چترال کی لیڈر شپ کے ساتھ میرے بہت اچھے مراسم ہیں اور میں انکا عزت و احترام کرتا ہوں، مگر تحصیل چیئرمین کے عہدے کی غرض سے جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے حوالے سے باتیں حقائق سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر میں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تیار ہی نہیں ہوں مگر پارٹی کارکنان اور قیادت کا اصرار ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں چترال کے لئے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے منظور کئے ہیں، چترال کے لئے اضافی فنڈز جاری کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے چترال کے عوام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف کا حصہ ہوں، مجھے کسی عہدے کی کوئی لالچ نہیں بلکہ میں عوام کی خدمت کو ترجیح دیتا ہوں۔