مڈک لشٹ میں چوتھا ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر،کنیڈین ہائی کمشنر کی خصوصی شرکت،فائنل میں وزیر زادہ مہمان خصوصی تھے

اشتہارات

دروش(چ،پ) ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ کے تعاؤن سے منعقد ہونے والا چوتھا ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول گذشتہ روز مڈک لشٹ میں اختتام پذیر ہوا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخو ا کے معاؤن خصوصی وزیر زادہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش کبیر خان سمیت مختلف اداروں کے افسران موجود تھے۔ چار روز تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں کنیڈین ہائی کمشنر مس وینڈی گیلمور نے خصوصی شرکت کی۔
ایونٹ کے آخری روز اسکینگ اور سنو بورڈنگ کے مقابلے ہوئے۔ مہمان خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔


اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاؤن خصوصی وزیر زادہ شاندار ایونٹ کے انعقاد پر ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے صدر شہزادہ محمد ہشام الملک کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ میں خود بھی رضاکارانہ طور پر اس کلب کا ممبر شپ حاصل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مڈک لشٹ کو ٹوارزم زون بنانے کا فیصلہ کیا اور اسکے لئے عملی اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے، ٹوارزم زون بننے سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور اسکا فائدہ نہ صرف مڈک لشٹ کو ہوگا بلکہ دروش اور چترال بھی اس سے مستفید ہونگے۔ انہوں نے عوامی مطالبات پر مختلف ترقیاتی اسکیموں کی منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحت کی ترقی کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، مڈک لشٹ میں اس فیسٹیول کے انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر چترال میں سرمائی کھیلوں کے بارے میں دلچسپی پیدا ہو گئی، انہوں نے ہندوکش سنو سپورٹس کلب اور شہزادہ ہشام الملک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی کوششوں سے چترال میں سرمائی کھیلوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے مڈک لشٹ فیسٹیول کو صوبے کے کیلنڈر ایونٹ کے طور پر متعارف کرانے کے لئے کوشش کرنے کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چترال علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اسطرح کے پروگرام کے سلسلے میں تعاؤن کیا جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں کمشنر ملاکنڈ نے یہاں آکر اس فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ نہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے تمام محکمہ جات کو الرٹ کیا کہ سیاحوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوکش سنو سپورٹس کلب کی کاوشوں سے چترال میں سرمائی کھیلوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں مکمل تعاؤن فراہم کرے گا۔
اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے صدر شہزادہ محمد ہشام الملک نے معاؤن خصوصی وزیر زادہ اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول کی کامیابی میں سب سے بڑا کردار مقامی کمیونٹی کا ہے اور انہی کے تعاون کی وجہ سے یہ فیسٹیول منعقد ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا جب پہلی بار ہم نے یہ فیسٹیول شروع کیا تھا تو ہمیں بہت زیادہ مشکلات کا سامناتھا، وسائل دستیاب نہیں تھے اور چترال میں پہلی مترتبہ سرمائی کھیل منعقد ہورہے تھے، مگر اب چترال میں سرمائی کھیلوں نے اپنی جگہ بنالی ہے، یہاں کے نوجوان ملکی سطح کے مقابلوں میں بھی حصہ لیکر نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے اس فیسٹیول میں شرکت کرنے پر کنیڈین ہائی کمشنر مس ویندی گیلمور کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ شہزادہ ہشام الملک نے فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں معاؤنت کرنے پر ضلعی انتظامیہ، ایس آر ایس پی، کنیڈین ہائی کمیشن، چترال سکاؤٹس، پولیس، لیویز، سی اینڈ ڈبلیو، ریسکیو 1122، بی جان ہوٹل، محکمہ صحت، فارسٹ و دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
مقامی عمائدین نے مڈک لشٹ میں اس فیسٹیول کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شہزادہ ہشام الملک اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ا دا کیا۔ اس موقع پر اہلیان مڈک لشٹ کی طرف سے سپاسنامہ پیش کیا گیا اور علاقے کے مسائل سے معاؤن خصوصی وزیر زادہ کو آگاہ کیا گیا۔