پیر. اگست 8th, 2022


چترال(چ،پ) پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر راہنماء رضیت بااللہ نے صوبائی قیادت کو بلدیاتی الیکشن میں تحصیل چیئرمین دروش کی نشست کیلئے درخواست دیدیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سنیئر راہنما رضیت بااللہ نے پارٹی کے صوبائی و مرکزی قیادت کے ساتھ مختلف مراحل کے رابطوں کے بعد باضابطہ طور پر تحصیل چیئرمین دروش کی نشست کے لئے پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لئے درخواست جمع کرادیا ہے۔ چترال پوسٹ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے رضیت بااللہ نے کہا کہ میں نے کبھی تحریک انصاف سے راستے جدا نہیں کئے ہیں بلکہ بعض امور پر تحفظات کی وجہ سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے رہا تھا، اسکا مطلب یہ نہیں کہ میں نے پارٹی چھوڑ اتھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیڈرشپ کے ساتھ میرے رابطے ہیں اور انہی رابطوں کی بنیاد پر میں نے دوبارہ پارٹی معاملات میں سرگرمی سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رضیت بااللہ نے کہا کہ گذشتہ جنرل الیکشن میں علماء کے ایک وفد نے میرے گھر آکر مجھ سے کچھ وعدے کئے تھے مگر مجھے افسوس ہے کہ بعد ازاں وہ علماء اپنے وعدوں سے پھر گئے، میں اب الیکشن کمپین میں جہاں جہاں بھی جاؤں گا تو برملا یہ باتیں عوام کو بتاؤں گا کہ کس طرح وعدہ خلافیاں ہوئی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں رضیت بااللہ نے کہا کہ میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں اور میں مفادات کی سیاست نہیں کرتے، میں ایک ایسے وقت میں پارٹی سے ناراض رہا جب صوبے اور مرکز میں پارٹی کی حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے اگر ٹکٹ دیا تو انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف تحصیل چیئرمین دروش کی نشست پر کامیابی حاصل کر لے گا۔