شہزادہ فیصل صلاح الدین اور سرتاج احمد خان کی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کی خبریں، جے یو آئی وفد کی شہزادہ فیصل سے ملاقات

اشتہارات

چترال (نامہ نگار)جوں جوں بلدیاتی انتخابات قریب آرہے ہیں تو سیاسی جماعتوں میں اندرونی کھینچا تانی کے علاوہ دوسری جماعتوں کی بڑی وکٹیں گرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سب سے اہم تحصیل دروش میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری شہزادہ فیصل صلاح الدین کی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے حوالے سے معاملات کا منظر عام پر آنا ہے۔ شہزادہ فیصل صلاح الدین کو جمعیت علماء اسلام میں شامل کرنے کے سلسلے میں باضابطہ طور پر جے یو آئی کے ایک وفد نے ہفتے کی رات نگر فورٹ میں ان سے ملاقات کی۔جے یو آئی کے ملاقاتی وفد میں جے یوآئی کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ انعام میمن اور جمعیت علماء اسلام کے رکن شہزادہ سریرالدین و دیگر موجود تھے جبکہ شہزادہ فیصل کے ہمراہ انکے قریبی رفقاء اور پارٹی کے اہم لیڈر ارشاد مکرر اور حاجی ناصرالدین موجود تھے۔ ملاقات میں جے یو آئی کے وفد نے باضابطہ طور پر شہزادہ فیصل صلاح الدین کو غیر مشروط طور پر جے یو آئی میں شمولیت کی دعوت دی۔ ذرائع کا کہنا ہے شہزادہ فیصل صلاح الدین نے اپنی پارٹی وابستگی اور پارٹی کے لئے قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے بلا مشروط جے یو آئی میں شمولیت کو مسترد کردیا۔ تاہم ایک ذمہ دار ذریعے نے بتایا کہ اگر تحصیل چیئرمین دروش کی نشست کے لئے شہزادہ فیصل صلاح الدین کو نامزد کیا جاتا ہے تو شہزادہ فیصل صلاح الدین کے جے یو آئی میں شمولیت کے امکانات ہیں۔
جبکہ دوسری طرف ایسی مصدقہ اطلاعات بھی سامنے آئے ہیں کہ تحریک انصاف کے ایک اور اہم لیڈر سرتاج احمد خان کے بھی جے یو آئی کے ساتھ معاملات چل رہے ہیں اور ان معاملات کو جمعیت علماء اسلام کے مرکزی راہنما حاجی غلام علی آگے بڑھا رہے ہیں۔ ممکنہ طور حاجی غلام علی کے ذریعے جے یو آئی میں شمولیت کے ساتھ ہی جے یو آئی کی طرف سے تحصیل چیئرمین دروش کے لئے ٹکٹ سرتاج احمد خان کو دیئے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
جمعیت علماء اسلام کے باخبر ذرائع کے مطابق پارٹی کے صوبائی ہائی کمان نے مذکورہ بالا دونوں شخصیات کے ساتھ رابطے قائم رکھے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مردان سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی کے ایک ایم این اے کی وساطت سے شہزادہ فیصل صلاح الدین کے ساتھ معاملات طے کئے جانے کی کوششیں جاری ہیں تو دوسری طرف پشاور کے حاجی غلام علی کے ذریعے سرتاج احمد خان کے ساتھ بات چیت جاری ہیں اور ان بات چیت کی نگرانی جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمن خود کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر ابھی تک جمعیت علماء اسلام کی طرف سے تحصیل چیئرمین کے لئے ناموں کا اعلان نہیں ہو سکا ہے حالانکہ جے یو آئی کے ضلعی قیادت نے دروش کی تحصیل چیئرمین کی نشست کے لئے پانچ نام صوبائی قیادت کو ارسال کئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دو شخصیات میں سے کسی ایک کی بھی جے یو آئی میں شمولیت کی صورت میں جے یو آئی کے صوبائی امیر بذات خود چترال آئیں گے اور شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔