جماعت اسلامی نے تحصیل چترال کے متعدد ویلج کونسلز چیئرمین کیلئے امیدواروں کااعلان کر دیا

اشتہارات

چترال(چ،پ)خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے کے سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر نے تحصیل چترال کے لئے پارٹی کی طرف سے مختلف ویلج کونسلز کے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ ہفتے کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع مولانا رحمت اللہ اخونزادہ، سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ، سابق امیر مولانا جمشید احمد اورضلعی سیکرٹری وجیہہ الدین نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری پارٹی ہے جہاں پارٹی عہدوں سے لے کر الیکشن کے لئے ٹکٹ کی تقسیم تک کارکنوں کے رائے کو سوفیصد شامل کیا جاتا ہے اوریہ نامزدگی بھی کارکنان سے مشاورت کے بعد کی گئی ہیں اور یہ اپنے اپنے علاقے میں شہرت کے حامل لوگ افراد ہیں جنہیں عوام کی اعتماد بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کا پلڑا 1979ء سے لے کر اب تک بھاری رہا ہے اور اس وقت بھی پوری طرح تیاری سے میدان میں اتر تے ہوئے سوفیصد کامیابی کی توقع رکھتے ہیں۔اس موقع پر موجود امیدواروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 27مارچ کو یہ سب کامیاب ہوں گے اور اسے اگلے دن ان ہی کامیاب امیدواروں کو لے کر دوبارہ پریس کلب آکر عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔ دینی جماعتوں کے اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ تحصیل چیئر مین شپ کے لئے ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کام کررہے ہیں لیکن جے یو آئی ہماری اولین ترجیح ہوگی جوکہ ہمارے پرانے اتحادی ہیں اور چترال کے اسلام پسندعوام دینی جماعتوں کی اتحاد کے منتظر ہیں۔ جے یوآئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم ہر قسم کی قربانی پہلے بھی دیتے آئے ہیں اور اب بھی دینے کو تیار ہیں۔ اقلیت کی نشست پر بمبوریت سے شیر محمد کا نام پیش کیا گیا جوکہ موقع پر موجود تھے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے نیبرہڈ کونسل زرگراندہ سے منظور احمد ایڈوکیٹ، اورغوچ سے قاضی اسحاق اور رمبور سے مولانا فضل معبود کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیاجائے گا۔
جماعت اسلامی ضلع لوئر چترال نے آنے والی بلدیاتی انتخابات کے لئے تحصیل چترال مختلف ویلج کونسلز کے چیئرمین کی نشست کیلئے جن امیدواروں کی نامزدگی کی گئی ہے ان میں گولدور نائبرہوڈ کونسل کے لئے امتیاز الرحمن، نائبر ہڈ کونسل دنین ون کے لئے قاری احسان، دنین ٹو کے لئے عمران خان، جغور کیلئے سجاد احمد خان، کجو کیلئے عبدالباری، شیاقوٹیک کیلئے نوید احمد، چمرکن کیلئے عبدالحق،بروز ون کیلئے سید اعظم،دومون بروز کیلئے احسان اللہ،گہریت کیلئے غفارالزمان،ایون ون کیلئے رحمت الٰہی، بمبوریت کیلئے سیف الدین،رمبور کیلئے محب اللہ، سین کیلئے شمس الرحمن،پرئیت کیلئے عبدالغفور، برنس کیلئے قاری غفور احمد،گولین کیلئے اکرام اللہ اور موری بالا کیلئے بشیر خان کے نام شامل ہیں۔
پریس کانفرنس سے پہلے درجنوں پارٹی کارکن پارٹی کی ضلعی سیکرٹریٹ سے پارٹی قائدین مولانا رحمت اللہ اخونزادہ، مغفرت شاہ، وجیہہ الدین، قاری جمشید احمد، فضل ربی جان، جہان زیب احمد، قاری رحیم الدین اور دوسروں کی قیادت میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پریس کلب پہنچ گئے۔