ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی طرف سے ریشن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

اشتہارات

بونی(چ،پ) ڈپٹی کمشنر اپر چترال منظور احمد آفریدی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان الدین، اسسٹنٹ کمشنر شاہ عدنان اور مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان کے ہمراہ ریشن کا دورہ کیا اور کھلی کچہری منعقد کرکے عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر ڈی سی اپر چترال نے بعض مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کر دئیے جبکہ دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منظور احمد آفریدی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور دیگر سرکاری اداروں کا مقصد عوام کے مشکلات میں کمی لانا ہے اوریہ ہمارا فرض منصبی ہے۔ انہوں نے نے محکمہ جات کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے بارے میں عوامی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ بعد ازاں ڈی سی نے شادیر میں دریا کے کٹاؤ سے متاثر ہونے والے مقام کا دورہ کیا۔
مقامی عمائدین نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال کا منصب سنبھالنے کے فورا بعد سیلاب سے متاثرہ علاقہ ریشن ویلی کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کئے کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔