بدھ. ستمبر 28th, 2022

چترال(بشیر حسین آزاد)نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر چترال (لوئر) محمد انوار الحق نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ڈپٹی کمشنر چترال (لوئر) باقاعدہ چارج سنبھالنے کے لئے دفتر پہنچے تو افسران اور سٹاف نے ان کا استقبال کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس تانیہ رشید اور اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال ثقلین سلیم نے نئے ڈپٹی کمشنر کو دفتر عملے کا تعارف کروایااور ڈی سی کو چترال چوغہ پہنایا،چترال لیویز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف انر پیش کیا۔
تعارف کے بعد نئے ڈپٹی کمشنر محمد انور الحق نے افسران اور سٹاف سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا، تعلیم، روزگار، انفراسٹرکچر خاص کر روڈز (بین الاضلاع اور اندرون ضلع)،سیاحت کا فروغ، ماحولیاتی اور شہر وں کی صفائی اور خوبصورتی،صحت اور پولیو سے نجات دلانا اُن کی اولین ترجیحات ہونگی۔اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلع کے اندر افسران کے دروازے سو فیصد عوام کے لئے کھولنے ہونگے اور حکومتی ہدایات کے مطابق عوام کے مسائل کا فوری حل اولین ترجیح ہو گی تاکہ عوام کو محسوس ہو کہ انکے کام ہو رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے چترال کے غیور عوام سے بھی اپیل کی کہ چترال کی ترقی میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ ہم ملکر ضلع چترال کو ایک ماڈل ضلع کا درجہ دے سکیں اور چترال کے سافٹ امیج اور چترال کے کلچر کی تشہیر کی جا سکے اُنہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد اپنے دفتر کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور اپنے سٹاف سے ملے۔