اپر چترال کے سابق ڈپٹی کمشنر محمد علی خان کے اعزاز میں عوامی سطح پر الوداعی تقریب،خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا

اشتہارات

بونی(چ،پ) اپر چترال کے سابق ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد علی خان ے اعزاز میں بونی میں عوامی سطح پر ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جسمیں بونی اور اپر چترال کے مختلف علاقوں سے عمائدین نے کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق اپر چترال کے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد علی خان کی بونی سے رخصتی کے موقع پر عمائدین ایک خصوصی پروقار تقریب بونی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔تقریب میں شرکاء کی جانب سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد علی خان کی خدمات کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا کہ انہوں نے چھ مہینے کے انتہائی کم عرصے کی پوسٹنگ کے دوران بطور ڈی،سی جتنا کام کیا اسکی نظیر نہیں ملتی، محمد علی خان نے بحیثیت ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹر جس قدر عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان ایک پل قائم کرنے کا کردار ادا کیا اسے اہلیان علاقہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ انکی تعیناتی کے دوران علاقے میں یہ تاثر پروان چڑھا کہ عوام کے مسایل ان کی دہلیز پر حل ہونگے۔، اس دوران طویل عرصے سے زیر التوا رہنے والے ادھورے مکمل کئے گئے جن میں استارو پل،کوشٹ پل،سب ڈویژن مستوج روڈ میں NHAکے ذریعے کام کا آغاز،مستوج میں عوام کی سہولیات کی خاطر اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی،بونی کے اندر مین روڈ کی توسیع کے ساتھ بلیک ٹاپنگ کا عمل،ریسکیو 1122کی فراہمی،قاق لشٹ میں نیشنل پراگلائیڈنگ فیسٹیول، بونی میں نیشنل پولو ٹورنمنٹ منعقد کراناجیسے میگا ایونٹ سابقہ ڈی سی کی کوششوں سے ممکن ہوئے۔ عمائدین نے کہا کہ اپر چترال کے دور دراز علاقوں کا دورہ کر کے عوام کے مسائل سننا اور حل کے لئے ٹھوس اور مربوط قسم کے بروقت اقدامات کرنا اور عوام کیساتھ قریبی تعلق رکھنا ایسے اقدامات تھے جن کی وجہ اپر چترال کے عوام سابقہ ڈی سی ایک عوام دوست اور ہمدر د آفیسر کے طور پر تسلیم کرتے ہیں اور انکی قبل از وقت تبادلے پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔ تقریب سے شاہ وزیر لال،الواعظ سید سلطا ن نگاہ،ریٹائرڈ صوبیدار میجر قربان علی،سابق تحصیل ناظم شمس الرحمن،حسین زررین تورکہو،پرنس سلطان الملک،محمد پرویزلال نے خطاب کیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد علی خان نے پروقارتقریب کے انعقاد پر اہلیان اپر چترال کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ وہ یہاں سے ڈھیر ساری محبتیں لیکر جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگ امن پسند، محب وطن اور قانون کا احترام کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر تعیناتی کے دوران اس علاقے اور نوازئیدہ ضلع کے عوام کی جو خدمت کی ہے وہ میرا فرض منصبی تھا، ہماری تعیناتی کا مقصد ہی عوام کی خدمت ہوتی ہے اور میں نے اس سلسلے میں اپنی فرائض منصبی ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں جہاں بھی جاؤں گا تو آپ لوگوں کی محبتوں کو کبھی نہیں بھلا سکوں گا اور جس پوزیشن میں بھی موقع ملا تو اپر چترال کی خدمت کو اولین ترجیح دونگا۔ بعد ازاں سابقہ ڈی سی کو پرتپاک انداز میں رخصت کیا گیا۔