جنگلی لومڑی پکڑنے والا قانون کی پکڑ میں،محکمہ جنگلی حیات نے مقدمہ درج کرلیا

اشتہارات

چترال(چ،پ)لومڑی کو پکڑنے والا قانو ن کی پکڑ میں آگیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اپر چترال کے گاؤں گرین لشٹ کے رہائشی ایک شخص نیت جان ولد دہقان خان نے ایک جنگلی لومڑی پکڑ لیا اور اسے درخت سے باندھ کر گوشت کھلاتے ہوئے ویڈیو بنا کراسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا میں چلنے کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے مذکورہ شخص کے خلاف جنگلی حیات کے ساتھ سنگدلی اور بے رحمی کرنے کے جرم میں وائلڈ لائف ایکٹ 2015کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تاہم بعد ازاں مذکورہ شخص نے ایک اور ویڈیو پیغام میں اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگلی جانور برفباری کے دوران ان کے گھر میں آیا تھا جسے گھر میں بحفاظت رکھا گیا اور اسے خوراک بھی دی گئی اور اس جانور کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے اگلی صبح اسے آزاد کیا گیا۔لومڑی کو آزاد کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر ڈالا گیا ہے۔