ریشن،لون اور دیگر علاقوں کے ٹرانسمیشن لائن کا لنک بونی منتقل کرنے کو مسترد کرتے ہیں،شدید احتجاج کیا جائے گا/عمائدین علاقہ

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)ریشن، لون، زئیت اور شوگرام کے عمائدین نے خبردار کیا ہے کہ ان علاقوں کے بجلی ٹرانسمیشن لائن کے لنک کو بونی منتقل کرنے کی صورت میں سخت احتجاج کیا جائیگا۔ اس حوالے سے عمائدین کی ایک میٹنگ گذشتہ روز تحریک بحالی ریشن بجلی گھر کے صدر نادر جنگ کی صدارت میں منعقد ہوا جسمیں شرکاء اجلاس نے اپر اور لوئر انتظامیہ کی طرف سے ریشن اور لون سے ٹرانسمیشن لائن کی لنک بونی منتقل کرنے کے احکامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔اُنہوں نے کہا کہ تحریک حقوق اپر چترال خود ساختہ لیڈوروں پر مشتمل ہے جوکہ صرف اور صرف اپنے علاقوں کے لئے آواز اُٹھاتی ہے اور دوسرے علاقوں کو نظر انداز کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گولین گول بجلی گھر میں بجلی کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ریشن اور لون سے لنک کو شفٹ کرنا مسئلے کا حل نہیں اگر ایسا کیا گیا تو مذکورہ علاقے کے عوام سراپا احتجاج ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تحریک حقوق اپر چترال کے ذمہ داروں پر ہونگی۔اُنہوں نے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کی طرف سے تحریک حقوق اپر چترال کے ساتھ میٹنگ پر برہمی کا اظہار کیا۔میٹنگ میں عبدالرب،سید سردار حسین شاہ،عارف اللہ،ابولیث خان،شہزادہ منیر،صوبیدار میجر(ر)عبدالغفار،ابراہیم،سابق کونسلرمحمد علی،فیض الرحمن،سابق کونسلر رحمت ولی،محمد نبی خان اور حکیم حیات الدین موجود تھے۔