چترال میں پیپلز پارٹی کا ورکرز کنونشن؛ مرکزی و صوبائی راہنماؤں کی شرکت، موجودہ حکومت پر کڑی تنقید

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی) پاکستان پیپلز پارٹی کا ورکرز کنونشن چترال میں منعقد ہوا جسمیں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ ورکرز کنونشن میں پارٹی کے صوبائی صد انجینئر ہمایون خان، مرکزی راہنما نجم الدین خان، صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے بھی شرکت کی۔ کنونشن میں پارٹی کے کارکنوں نے پارٹی کے مرکزی و صوبائی راہنماؤں کی موجودگی میں اپنی تجاویز اور تحفظات پیش کیں۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کی کہ ملک میں مہنگائی نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے اور لوگ خودکشیوں پر مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں چترال میں گرم چشمہ روڈ، بونی روڈ اور وادی کیلاش روڈ کی تعمیر کیلئے اربوں روپے منظور ہوئے تھے مگر تبدیلی سرکار نے انہیں منسوخ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت میں چترال کو سی پیک روٹ سے محروم کرکے اسے سوات منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چترال میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ زیادہ تر پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوئے ہیں۔ مقررین نے اس موقع پر کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پشاور میں ۲۲ نومبر کے جلسہ کیلئے بھر پور تیاری کے ساتھ آئیں اور اس جلسہ میں شرکت کرکے ان سیلیکٹڈ حکمرانوں کو چلتا بنائے۔ کنونشن کے دوران کئی لوگوں نے دوسرے سیاسی پارٹییوں کو چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر انجینئر ہمایون خان، رکن سنٹر ایگزیکٹیو کمیٹی و سابق وفاقی وزیر نجم الدین خان، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی،سمیع خان صوبائی صدر پیپلز یوتھ آرگنایزیشن، ہدایت اللہ مرکزی صدر پیپلز یونٹی، سابق صوبائی وزیر اور ضلعی صدر چترال سلیم خان، قاضی فیصل احمد،برشاہ شاہ ایڈوکیٹ اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔
اس سے قبل پی پی پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد حکیم ایڈوکیٹ نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ چترال کیلئے پارٹی کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جب ذوالفقار علی بھٹو پہلی بار چترال آئے تو وہ وڈیرو کی بجائے غریبوں کے پاس گئے اور انہوں نے یہ ثابت کیا کہ یہ پارٹی غریبوں کا پارٹی ہے۔
ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر سلیم خان ضلعی صدر نے بتایا کہ اس کنونشن میں کارکنوں سے سننا تھا اور ان کی تجاویز کے بنیاد پر اگلے انتخابات کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کنونشن میں پی ڈی ایم کے جلسہ کیلئے تیاری پر بھی زور دیا گیا، یہاں سے کارکن دیر اور ملاکنڈ سے ہوتے ہوئے پشاور کے جلسہ میں شرکت کریں گے۔ کنونشن میں کثیر تعداد میں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔