دروش گول میں اونچے درجے کا سیلاب، املاک اور حفاظتی پشتوں کو نقصان،سیلاب نے مقامی آبادی کیلئےخطرے میں اضافہ کر دیا

اشتہارات

دروش(چ،پ)ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دروش گول نالے میں آنیوالے سیلاب املاک کو نقصان پہنچایا جبکہ کئی مقامات پر حفاظتی پشتے منہدم ہوگئے یا کمزور پڑ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دروش کے علاقے میں بارش ہوئی تاہم پہاڑوں پر بارش کی زیادتی کی وجہ سے دروش گول نالے میں اونچے درجے کا سیلاب آیا جس نے آس پاس کے املاک کو نقصان پہنچایاجبکہ نالے کے دونوں طرف موجود حفاظتی پشتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ گرومیل گاؤں میں جنازہ گاہ سیلاب میں بہہ گیا ہے، سیلاب کی وجہ سے دورافتادہ گاؤں گوس کا رابطہ سڑک بھی بہہ کیا گیا ہے۔دروش کے اکثربستیوں کو پینے کا صاف پانی دروش گول کے اندر موجود قدرتی چشموں سے فراہم ہوتا ہے جبکہ اسوقت سیلاب کی وجہ سے پائپ لائن تباہ ہو چکے ہیں جسکی وجہ سے دروش کے گاؤں گرومیل، لنگہ، بازار، کورو، آڑیان، دادخندوری، آڑیان ڈھپ اور اوسیک سمیت دیگر علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ دروش گول کے دونوں اطراف موجود حفاظتی پشتوں کو پہنچنے والے نقصان نے نالے کے قریبی دیہات کے لئے خطرہ پیدا کیا ہے۔ ایک طرف دروش گول نالے میں سیلابی ملبہ جمع ہونے کی وجہ سے نالے کی سطح بلند ہو چکی ہے تو دوسری طرف حفاظتی پشتوں کی مخدوش حالت نے خطرے میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ دروش بازار کے عین وسط میں مرکزی شاہراہ پر موجود آر سی سی پل کی حالت بھی ناگفتہ بہہ ہوگئی ہے۔رات 1اور 2بجے کے درمیان آنے والے سیلاب کی وجہ سے قریبی علاقوں کے لوگ پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے تھے۔ دروش کے مختلف دیہات میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ٹی ایم اے دروش نے اپنے ٹینکروں کے ذریعے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی شروع کردی ہے۔