شیشی کوہ میں ہمارے بھائی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں/ممتاز علی شاہ

اشتہارات


چترال(نذیر حسین شاہ)شیشی کوہ ٹینگل میں نوجوان کے اندھے قتل کے کیس میں ملزمان کو بے نقاب کرکے گرفتار کرنے پر مقتول کے بھائی اور دیگر رشتہ داروں نے چترال پولیس کی تفتیشی ٹیم کا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقتول کے بھائی ممتاز علی شاہ، امجد علی شاہ اور دیگر رشتے دار جمیل احمد اور عمر فاروق نے کہا کہ 28مئی 2020 کو ان کابھائی شوکت علی شاہ لاپتہ ہو گیا اور اگلے دن ان کی لاش ملی۔ اس ضمن میں ابتدا میں پولیس کی تفتیشی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے کیس میں 80فیصد کامیابی کی نوید سنائی لیکن اچانک یہ کامیابی ناکامی میں بدل گئی جس پر ہمیں بہت مایوسی ہوئی اور ہم نے ڈی پی او چترال سے جے آئی ٹی کا مطالبہ کیا جو کہ مان لیا گیا اور ایس ڈی پی او چترال ظفر خان کی سربراہی میں پھر سے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔نئے ٹیم کی تفتیش اور انتھک کوششوں کے نتیجے میں قتل کا سراغ مل گیا اور قتل کے ملزم اکبر حسین و محمد یوسف پسران لال زمان ساکن شیشی کوہ کو گرفتار کیا گیا جس کیلئے ہم ا پنی طرف سے، اپنی والدہ اور مقتول کے بیوہ و بچوں کی طرف سے پولیس کی اعلی کارکردگی پر ڈی پی او چترال عبدالحئی، ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد، ایس ڈی پی او چترال ظفرخان،انسپکٹر شاہ نادر، سب انسپکٹر غفار شاہ سمیت جملہ تفتیشی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اندھے قتل کے معمے کا حل یقینی طور پر پولیس کیلئے کامیابی اور ہمارے لئے باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پولیس اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں آگے بھی بھر پور کردار ادا کرے گی۔