چترال میں ہوٹل کے بالکونی کاچھجہ گرنے سے دو خواتین سمیت پانچ افراد جان بحق

اشتہارات

چترال(نذیر حسین شاہ)چترال شہر کے معروف ہوٹل میں ایک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے دو افراد سمیت چار افراد جان بحق جبکہ 12افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کا گروپ تیسری منزل پرکمرے کے سامنے بالکونی میں تصویر کشی میں مصروف تھے کہ اس دوران بالکونی کا حفاظتی دیوار (چھجہ) بھاری وزن برداشت نہ کرتے ہوئے گر گیاجس کے نتیجے میں میاں بیوی (راشدہ اور اعجاز)موقع پر جان بحق ہوگئے جبکہ پندرہ افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ چار خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بیس سے زائد افراد کا ایک گروپ تھا جو کہ صوبہ پنچاب کے ضلع قصور کے رہنے والے تھے اور سیر کے لئے چترال آئے تھے۔ بعد ازاں زخمیوں میں سے دو افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے جن کے فاخرہ اور عمران ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام بھی جائے وقوعہ پہنچ گئے۔مقامی لوگوں اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ہسپتال میں زخمیوں کی تیمارداری اور خون عطیہ کرنے کے لئے بڑی تعداد میں مقامی نوجوان پہنچ گئے اور خون کا عطیہ دیا۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایڈیشنل ڈی سی حیات شاہ، ڈی پی او اور دیگر حکام ہسپتال میں موجود تھے اور ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر NDMAنے زخمیوں کو فوری پر منتقل کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر فراہم کیا تاہم شامل کے وقت زخمیوں کو لیکر جانے والا ہیلی کاپٹر لواری ایریا میں موسم کی خرابی کے باعث واپس چترال آگیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال محمد حیات شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے میتوں کی منتقلی کے لئے ایمبولنس تیار کئے ہیں اور جلد ہی انہیں بھیج دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا اگر زخمیوں کو بائی روڈ لیجا نا ہوا تو بھی ایمبولنس تیار ہیں تاہم اسکا فیصلہ متاثرین کے لواحقین کرینگے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے میں بچ جانے والے افراد کو ڈی سی چترال کے رہائش گاہ میں منتقل کردیا گیا ہے اور انہیں کل چترال سے روانہ کیا جائے گا۔
ریسکیو 1122ذرائع کے مطابق انہیں حادثے کی اطلاع دن 11 بجکر 25منٹ پر ملی اور فوری طور پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ یہ واقعہ شہر کے وسط میں معروف تریچ میر ویو ہوٹل میں دن گیارہ بجے پیش آیا۔
اس خبر کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے پر اپڈیٹ کیا جائے گا۔