ٹمبر مافیا کو نشان عبرت بنایا جائے گا،درختوں کی غیر قانونی کٹائی برداشت نہیں/چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا

اشتہارات

پشاور(م،ڈ)خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری کاظم نیاز نے خبردار کیا ہے کہ صوبے میں ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور انہیں کسی قسم کے غیر قانونی کاروائیوں کی اجازت نہیں جاسکتی۔ گذشتہ روز ایبٹ آباد میں مون سون شجرکاری مہم کے سلسلے میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ٹمبر مافیا کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی ناقابل برداشت ہے اور ایسے فعل میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دیکر دوسروں کیلئے عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تحفظ ماحول کیلئے جذبے اور لگن کیساتھ کام کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے صوبے کے اندر ٹائیگر فورس، سماجی تنظیموں، طلبہ وطالبات کے تعاؤن سے وسیع پیمانے پر شجرکاری کیساتھ ساتھ انکی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔ دورہ ہزارہ ڈویثرن کے دوران چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں مون سون کی شجرکاری مہم کے تقریبات میں حصہ لیا۔