چترال پولیس کی کامیاب کاروائی،بمبوریت سے چوری شد ہ بکریاں برآمد،ملزمان گرفتار

اشتہارات

چترال(چ،پ)چترال پولیس نے بمبوریت کی چراگاہ سے چوری شدہ 30بکریاں برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق 27اگست کو تھانہ بمبوریت میں 54 شاخ بکریوں کی بمبوریت کے گرمائی چراگاہ سے چوری ہونے کا مقدمہ درج ہوا تھا۔اس حوالے سے پولیس نے اپنے ذرائع سے معلومات اکھٹی کرکے کاروائی کرتے ہوئے دروش کے مویشی منڈی سے واقعے میں ملوث ملزم کریم حسین ولد محمد شاہ سکنہ ارندو کے قبضے سے 30بکریاں برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم چوری شدہ بکریاں فروخت کرنے کی غرض سے دروش کے مویشی منڈی لایا تھا۔اس واقعے میں ملزم کریم حسین کے علاوہ شریک ملزمان میں صاحب نادر ولد محمد زادہ سکنہ جنجریت کوہ اور اسماعیل ولد نوروز سکنہ ایون شامل ہیں۔ ملزمان نے باقی بکریاں منڈی میں فروخت کردئیے تھے، پولیس نے کاروائی کے دوران ملزمان سے فروخت شدہ بکریوں کے رقم 295ہزار روپے بھی بر آمد کرلیا۔
اس حوالے سے ڈی پی اولوئر چترال عبدالحئی نے بتایا کہ یہ اپنی نو عیت کا منفرد مقدمہ ہے جس میں مقامی چوروں نے سرحدی علاقے میں چوری کی واردات کرکے ایسا تاثر دینے کی کوشش کی تھی کہ یہ واقعہ سرحد پار سے آنے والے چوروں کا ہے، کیونکہ ماضی میں کئی مرتبہ ایسے واقعات ہوئے ہیں جن میں افغانستان کے علاقے نورستان سے آکر چوروں نے بمبوریت اور بریر کے گرمائی چراگاہوں سے مال مویشی چرا کر افغانستان لے گئے۔ تاہم چترال پولیس نے اس حوالے سے سرحدی علاقوں میں اپنے نیٹ ورک کو فعال بنا کر اس واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ما ل مویشی بھی برآمد کر لیا۔
واضح رہے کہ اس واقعے کے حوالے سے ابتدائی طور پر مقامی لوگوں نے چوری شدہ مال مویشیوں کی تعداد ڈیڑھ سے دو سو تک بتایا تھا جس پر میڈیا میں بھی یہی تعداد رپورٹ کی گئی تھی تاہم بعد ازاں مقامی پولیس میں صرف 54بکریوں کے چوری کا مقدمہ درج کیا گیا۔