استارو تورکہو کے مقام پر پل ٹوٹنے سے ڈمپر کھائی میں گر گئی، ڈرائیور جان بحق

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی)ضلع اپر چترال کے علاقہ تورکہو میں استارو گاؤں میں ایک ڈمپر گاڑی لکڑی کا پل ٹوٹنے کی وجہ سے کھائی میں گر گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوا۔ ایس ایچ او تھانہ تورکہو سب انسپکٹر قربان علی کے مطابق ایک ڈمپر گاڑی رجسٹریشن نمبر 3953 جو خالی تھا، استارو میں تورکہو روڈ پر لکڑی کا پُل عبور کرتے ہوئے پل ٹوٹنے سے کھائی میں گر گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور افتخار احمد ولد بشیر احمد سکنہ چکاری سوری ضلع لوئر دیر موقع پر جان بحق ہوگئے۔ ان کی معیت کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بونی لایا گیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد اسے ورثاء کے حوالہ کیا جائے گا۔
مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ تورکہو روڈ پر استارو گاؤں میں نالے کے اوپر قائم یہ پل نہایت ہی مخدوش حالت میں تھی اور علاقے کے عوام بار بار متعلقہ ادارے اور اعلیٰ حکام سے اس بابت مطالبہ کرتے آرہے تھے مگر بد قسمتی سے کسی نے اسکی طرف توجہ نہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ تورکہو اور تریچ تک کی ایک بڑی آبادی کے زیر استعمال یہ ایک مصروف سڑک ہے مگر اپر چترال کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی غفلت کی وجہ سے پل کی خستہ پر کسی نے توجہ نہیں دی اور یوں اس غفلت کے نتیجے میں ایک قیمتی جان ضائع ہوگیا۔