کرونا وائرس سے بچاؤ؛ ٹی ایم اے دروش نے دروش بازار، ہسپتال اور قرنطینہ مراکز میں جراثیم کش اسپرے کیا

اشتہارات

دروش(جہانزیب) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن دروش نے بدھ کے روز دروش بازار میں کرونانا وائر س کے روک تھام کیلئے جراثیم کش اسپرے کیا۔ تحصیل میونسپل آٖفیسر مصباح الدین کی ہدایت پر دروش بازار، مارکیٹس، اڈہ اور عوامی آمدو رفت کے دیگر مقامات پر جراثیم کش اسپرے کیا۔ اسکے علاوہ ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں بھی جراثیم کش اسپرے کی گئی۔ اس حوالے سے ٹی ایم او مصباح الدین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام اور حفاظتی تدابیر کے سلسلے میں حکومتی ہدایت پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے دروش کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس ایک وبا ء ہے اوراسکے پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں جو کہ ایک نازک صورتحال ہے، ایسے حالات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ ماسک کا استعمال اور دیگر ضروری ہدایت پر عمل کر کے کرونا وائرس کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔ مصباح الدین نے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت بازاروں میں گھومنے پھرنے سے گریز کریں اور عوام گھروں میں رہیں۔
اسی طرح ٹی ایم اے درو ش نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ہدایات کی روشنی میں چترال کے گیٹ وے عشریت کے مقام پرکروناوائرس سے متعلقہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں،قرنطینہ مرکز اور اسکریننگ پوائنٹس میں جراثیم کش اسپرے کرنے کیساتھ ساتھ لوگوں میں آگاہی پھیلانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے۔ ٹی ایم اے کے عملے نے دروش میں قائم قرنطینہ مرکز میں بھی جراثیم کش اسپرے کیا۔