موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر لواری ٹنل آج سے پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے بند

اشتہارات

چترال(نامہ نگار)کرونا وائرس سے پیدا شدہ موجودہ ہنگامی صورتحال کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ چترال (لوئر) نے لواری ٹنل پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے بند کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ لواری ٹنل کو ٹریفک کے لئے بند کرنے کا فیصلہ ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جوکہ ڈپٹی کمشنر چترال کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی،ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حیات شاہ، ڈی پی او چترال وسیم ریاض اور چترال سکاؤٹس کے میجر عثمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ آج 23مارچ بروز پیر کی رات 7بجے سے لواری ٹنل کو پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے بند کیا جائیگا تاہم اشیائے ضروریہ، ادویات و دیگر سامان کے نقل و حمل کیلئے ٹنل کھلا رہیگا۔ اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں۔
اجلاس کے بعد ڈی پی او چترال اور چترال سکاؤٹس کے میجر عثمان نے چترال بازار کا دورہ کیا اوردفعہ 144کے خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کاروائی بھی کی۔