کرونا وائرس سے نمٹنے کے انتظامات اور چترال،دروش اور بونی ہسپتال فوج کی نگرانی میں دئیے جائیں/ارشاد مکرر

اشتہارات

چترال(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر راہنما ارشاد مکرر نے مطالبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس سے پیدا شدہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے چترال، دروش اور بونی کے سرکاری ہسپتالوں کو فوج کے حوالے کیا جائے کیونکہ ضلعی انتظامیہ کی غیر سنجیدگی قوم کو سانحے کی طرف لیجانے کا سبب بن سکتی ہے۔ ایک اخباری بیان میں ارشاد مکرر نے کہا کہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لئے ضروری ہے کہ فول پروف اقدامات اٹھائے جائیں اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں لہذا تمام انتظامات فوج کی نگرانی میں دیکر چترال، دروش اور بونی کے ہسپتال بھی فوج کے حوالے کئے جائیں تاکہ لوگوں کی تسلی اور اطمینان بخش طریقے سے مداوا ممکن ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بصورت دیگر لوگوں کو سول انتظامیہ کے رحم وکرم پر چھوڑنا کسی سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔